حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کی ممبر جماعتوں کے قائدین کا اہم اجلاس مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی صوبائی سیکریٹریٹ علمدار روڈ کوئٹہ میں زیر صدارت صوبائی صدر مولانا عبدالحق ہاشمی منعقد ہوا، اجلاس میں جماعت اسلامی، مجلسِ وحدت مسلمین، جماعت اہل سنت، جمعیت علماء پاکستان، مرکزی مسلم لیگ، جمعیت اتحاد علماء، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، شیعہ علماء کونسل، تحریک خلافت پاکستان، مجلسِ علماء مکتب اہل بیت، تنظیم اسلامی بلوچستان، مرکزی شوریٰ ختم نبوت کے قائدین، علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ سید ہاشم موسوی سید مومن شاہ جیلانی، مولانا انوار الحق حقانی، پیر سید حبیب اللہ چشتی، ڈاکٹر عطاء الرحمن، مولانا عبد الکبیر شاکر، مولانا خلیل الرحمن، مولانا محمد موسیٰ حسینی، مولانا سید محمد رضا اخلاقی، جناب محمد ادریس مغل، مولانا اعجاز الحق، جناب محمد طاھر کھیتران، جناب محمد یونس، سہیل اکبرشیرازی، علامہ ولایت جعفری، مولانا ذاکر حسین درانی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس میں غاصب اسرائیل کی غزہ پر بمباری اور مستونگ و پاراچنار واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے ممبران نے کہا کہ مسلمان ممالک وامت مسلمہ کو اس وقت فلسطین کی مصیبت زدہ عوام کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہیئں اس وقت یہود و نصاریٰ اہل اسلام کے مد مقابل متحدومتفق ہوچکے ہیں اور مسلم حکمران خواب غفلت اور غلامی کرنے میں مصروف ہیں، علماء کو نماز جمعہ کے خطبات میں مسلہ فلسطین پر بات کرنی چاہیئے ملی یکجہتی کونسل کی جانب سے فلسطینی عوام کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاج کرنا چاہیئے، فلسطین کاز کے مورال اسپورٹ کرنے کا اعلان کیا گیا نیز مستونگ اور پاراچنار میں دہشتگردی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے نیز افغان مہاجرین کو عزت و احترام کے ساتھ روانہ کرنا چاہیئے۔