حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں میں 51 فلسطینی شہید ہو گئے، 7 اکتوبر کو فلسطینی مزاحمتی فورسز کے تاریخی آپریشن کے بعد سے غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس تنازعے کے 30ویں روز بھی صیہونی حکومت نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔
اس بار صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی میں المغازی مہاجر کیمپ پر حملہ کیا، ان حملوں میں درجنوں شہری زخمی بھی ہوئے ہیں، صیہونی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 24 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔
اسرائیلی فورسز نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس پر بھی فائرنگ کی جب کہ صہیونی فوج کے جنگی طیاروں نے اتوار کی صبح المغازی مہاجر کیمپ پر بمباری کی۔
غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے حملے بدستور جاری ہیں جبکہ فلسطینی مزاحمتی فورسز نے صہیونی فوج کی زمینی کارروائیوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، صہیونی فوج کو زمینی لڑائی میں بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ مزاحمتی قوتوں کی جرات مندانہ لڑائی تاریخ میں یاد رہے گی، انہوں نے کل ہفتہ کو اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے چند گھنٹوں کے اندر اسرائیلی فوج کے 24 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ کر دیں۔
جہاد اسلامی تنظیم کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے خان یونس کے مشرق میں صہیونی فوج کی بکتر بند گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔