حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاراچنار کے ضلع کرم میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ شاہ کی سربراہی میں ضلع کرم میں پائیدار امن کے لیےگرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔
رپورٹ کے مطابق فریقین کے 100 سے زیادہ افراد نے گرینڈ جرگے میں شرکت کی۔
کمشنر کوہاٹ کے مطابق دونوں قبائل کے عمائدین نے ضلع کرم، پاراچنار میں غیر معینہ مدت تک سیز فائر پر اتفاق کیا ہے۔
گرینڈ جرگہ کے اراکین نے دونوں فریقین سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں کیں اور کئی گھنٹوں کی طویل مشاورت کے بعد اس بات پر متفق ہو گئے کہ ضلع کرم میں جنگ بندی غیر معینہ مدت تک ہو گی۔
قابل ذکر ہے کہ اس معاہدہ میں فریقین نے اقرار کیا کہ جنگ یا جھگڑے سے کسی مسئلے کاحل ممکن نہیں اور کئی عشروں پر محیط اس مسئلے کے مستقل اور پائیدار حل کے لئے وقت تو درکار ہو گا تاہم اس کے لئے دونوں جانب سے اخلاص اور اعتماد کی ضرورت ہے۔
فریقین نے یہ بھی عہد کیا کہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل اور علاقے کے امن کی خاطر ضلع کرم میں مکمل اور پائیدار امن کے قیام تک موجود رہیں گے اور یہاں سے امن کا پیغام لے کر اپنے علاقوں کو جائیں گے اور ہر صورت حکومتی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا۔