۲۹ شهریور ۱۴۰۳ |۱۵ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 19, 2024
کرم یکجہتی کمیٹی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی نے دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ "ہم پہلے بھی پاراچنار کے مسائل کے لیے کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔ پاراچنار میں جاری بدامنی ہمارے علم میں ہے، ہم ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/کرم یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی دھرنا 16ویں روز بھی جاری رہا۔ دھرنے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے اظہارِ یکجہتی کے لیے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی نے دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ "ہم پہلے بھی پاراچنار کے مسائل کے لیے کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔ پاراچنار میں جاری بدامنی ہمارے علم میں ہے، ہم ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔" انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کرم کے ایم این اے نے جو آواز اٹھائی ہے، وہ بے مثال ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ضلع کرم میں پائیدار امن قائم ہو اور شیعہ سنی مل کر رہیں۔

علامہ سید تجمل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم امن اور زمینی تنازعات کے حل کا بار بار مطالبہ کر رہے ہیں جو ہمارا قانونی و آئینی حق ہے۔" مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما سید ظہیر عباس نقوی نے کہا کہ ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونی چاہیے اور حکومت کو دھرنے کے مطالبات سنجیدگی سے لینے چاہئیں۔ مولانا میاں سید صداقت گل نے اپنے خطاب میں کہا، "ہم اسلام آباد کی اہم جگہ پریس کلب کے سامنے موجود ہیں۔ ہمارا سادہ سا مطالبہ ہے کہ ہم مزید لڑ نہیں سکتے نہ مزید جنازے اٹھا سکتے ہیں۔ حکمرانوں کو ہمارے مطالبات منظور کرنے چاہئیں۔"

اس موقع پر شبیر بابو، زین عباس، اور پروفیسر شبیر حسین نے بھی خطاب کیا اور مطالبات کی حمایت کی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .