حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ امامیہ بلتستان کے سینئر نائب صدر حجت الاسلام شیخ زاہد حسین زاہدی کے بیان کا متن مندرجہ ذیل ہے۔
بسم الله الرحمٰن الرحیم
وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا.
اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ میں نہ پڑو۔ یہی آیتِ کریمہ ہمارے لیے وہ ابدی منشور ہے جس پر چل کر امتِ مسلمہ عزت و سربلندی حاصل کر سکتی ہے۔
ہفتۂ وحدت دراصل اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہماری اصل پہچان رسولِ اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی امت ہونا ہے۔ ہماری طاقت ہماری تعداد میں نہیں، بلکہ ہمارے اتحاد میں ہے۔ استکبار و استعمار نے ہمیشہ ہمیں باہمی اختلافات میں الجھا کر کمزور کرنے کی کوشش کی، لیکن اگر ہم قرآن اور سیرتِ محمد و آل محمد علیہم السّلام سے وابستہ رہیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔
امام خمینیؒ نے اسی حکمت کو مدنظر رکھتے ہوئے 12 تا 17 ربیع الاول کے ایام کو "ہفتۂ وحدت" قرار دیا، تاکہ شیعہ و سنی سب مل کر رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے میلاد باسعادت کو وحدت و اخوت کے ساتھ منائیں اور پوری دنیا کو یہ پیغام دیں کہ مسلمان ایک ہیں، ان کا خدا ایک ہے، ان کا رسول ایک ہے اور ان کا قرآن ایک ہے۔
پس آئیے! ہم سب اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر دشمنانِ اسلام کے مقابلے میں ایک صف میں کھڑے ہوں اور اپنے عمل سے یہ ثابت کریں کہ "وحدت ہماری طاقت ہے اور تفرقہ ہماری کمزوری۔









آپ کا تبصرہ