حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شہادتِ حضرت امام حسن عسکری علیہ السّلام کی مناسبت سے جامع مسجد سکردو بلتستان میں منعقدہ مجلسِ عزا سے انجمنِ امامیہ بلتستان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید باقر الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے سب سے بڑی نعمت، ایمان باالله ہے جو صرف زبانی دعویٰ سے نہیں، بلکہ کردار و عمل سے ظاہر ہونا چاہیے، کیونکہ حقیقی ایمان وہ ہے جس میں انسان کی زندگی اور رویے سے توحید جھلکتی ہو نہ کہ دنیوی شہوت، مال و اقتدار کو معبود بنا لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مؤمن کا کردار ایسا ہو کہ دشمن بھی دیکھ کر اعتراف کرے کہ یہ آل محمد علیہم السلام کا پیروکار ہے، جیسا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام نے ارشاد فرمایا کہ "ہمارے لیے باعث زینت بنو، ہمارے لیے باعث ننگ نہ بنو"۔
آغا سید باقر الحسینی نے کہا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام نے اپنی مختصر مگر پر معارف زندگی میں امت کو صبر، تقویٰ اور عملی دینداری کا درس دیا، سخت ترین حالات اور عباسی حکمرانوں کی نگرانی کے باوجود اپنے ماننے والوں کو قرآن و اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے جوڑے رکھا اور ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ شیعہ اپنے کردار و عمل سے پہچانے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آج امت کی ذمہ داری ہے کہ زبانی دعوؤں کے بجائے اپنے اخلاق، کردار اور عمل سے یہ ثابت کرے کہ ہم اہل بیت علیہم السلام کے سچے پیروکار ہیں۔









آپ کا تبصرہ