حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے مسجد علی حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاوّل عظمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ ماہ مقدس نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی پیدائش کا مہینہ ہے؛ بہت سی روایات کے مطابق، سرور کائنات کی ولادت 2،4،8 ، 10، 12 اور 17 ربیع الاول کو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاوّل اہل سنت اور 17 ربیع الاوّل اہل تشیع کے نزدیک ولادت باسعادت کی معتبر ترین روایات ہیں، لیکن دونوں مکاتب فکر کے نزدیک پیغمبر کی ولادت کا بابرکت مہینہ یہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی انقلابِ اسلامی امام خمینی رحمة اللہ علیہ نے سب سے پہلے اتحاد کے حوالے سے یہ اہم کام کیا کہ تاریخوں کے اختلاف کے باوجود اتحاد پیدا کرنے کے لئے 12 سے 17 ربیع الاوّل ہفتۂ وحدت کے طور پر منانے کا پیغام دیا۔
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ پاکستان میں ربیع الاوّل میں اتحاد وحدت کی کانفرنسیں ہوتی تھیں؛ سیرت النبی کانفرنسوں میں شیعہ سنی علماء مل کر خطابات کرتے تھے مگر افسوس کہ یہ آہستہ آہستہ کم ہوتی جا رہی ہیں، اب اس حد تک نہیں ہو رہیں جیسے کہ پہلے ہوتی تھیں، ہونا تو یہ چاہیے کہ 12 ربیع الاوّل کو اہل سنت کے ہاں اہل تشیع سیرت النبی کانفرنس میں جائیں اور 17 ربیع الاوّل کو اہل سنت، اہل تشیع کے پاس خطاب کے لیے جائیں اور مل کر شیعہ سنی معاشرے میں اتحاد کا پیغام دیں۔









آپ کا تبصرہ