حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہفتۂ وحدت اور میلادالنبی کی مناسبت جامعۃ المصطفیٰ شعبۂ پاکستان کراچی کی جانب سے ایک پُروقار محفلِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری استاد محمد حسین خوشروی نے خصوصی شرکت کی اور اپنی دلنشین آواز میں تلاوتِ قرآن سے شرکاء کے دلوں کو منور کیا۔
محفل سے قاری محمد حسین کے والد جناب موسیٰ عظیمی، خانہ فرہنگ کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طالبی نیا اور حجت الاسلام والمسلمین سید علی شمسی پور نے خطاب کیا۔
ڈاکٹر طالبی نیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ
"ہم اہلِ علم ہیں اور روزِ قیامت اپنے ہر قول و فعل کے جواب دہ ہیں۔ اگر ہماری کسی بات سے کسی مؤمن کی جان کو خطرہ لاحق ہو تو ہم اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ رہبرِ انقلاب نے امتِ واحدہ کی تشکیل پر زور دیا ہے اور جب تک باہمی اختلافات و دشمنیاں ختم نہ ہوں، اتحادِ امت ممکن نہیں۔
قاری محمد حسین کے والد موسیٰ عظیمی نے اپنے بیٹے کے حوالے سے یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ "میں جب کام سے گھر آتا تو تلاوتِ عبدالباسط سنتا تھا۔ اُس وقت محمد حسین کی عمر تین برس سے بھی کم تھی، مگر وہ میرے ساتھ پڑھا کرتے۔ چونکہ ان کی آواز میں خاص کشش تھی، ٹی وی والوں نے انہیں مدعو کیا اور ہم نے بھی بیٹے کو اختیار دیا۔ اس نے اپنی مرضی سے قرآن کی تلاوت کو اپنی زندگی کا مشن بنایا۔"
حجت الاسلام سید علی شمسی پور نے بعثتِ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تناظر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "جزیرۂ عرب جہالت و تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا کہ پیغمبر اکرم کی آمد سے وہ نور و ہدایت کا مرکز بن گیا۔ آپ نے بعثت سے قبل صادق و امین کا لقب حاصل کیا تاکہ جب خدا کا پیغام پہنچائیں تو کسی کو شک و شبہ نہ ہو۔ قرآن، جو آپ کا سب سے بڑا معجزہ ہے، آج بھی قلوب کو منور کر رہا ہے، اور یہ محفل بھی ایک قاری قرآن کی شرکت سے مزید روشن ہو گئی ہے۔"
آخر میں استاد محمد حسین خوشروی نے نہایت سریلی اور پراثر آواز میں تلاوت کر کے سامعین و طلاب کو مسحور کر دیا۔
21:51 - 2025/09/08









آپ کا تبصرہ