حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی یونیورسٹی میں سالانہ یومِ مصطفیٰ (ص) کے عنوان سے عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا، جس میں اساتذہ سمیت طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء اور مشائخ نے خطاب کیا۔

جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ حضورِ اکرم کی آمد سے پوری دنیا کو انسانیت، اخوت اور امن کا عظیم پیغام ملا؛ آپ نے اپنی سیرتِ طیبہ اور عملی نمونے کے ذریعے دنیا کو یہ درس دیا کہ انسانیت کی اصل کامیابی باہمی محبت، انصاف اور امن کے قیام میں ہے، موجودہ دور میں درپیش مسائل کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم سیرتِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔

کراچی کے معروف عالم دین اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنما علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ انسانی تاریخ میں ایسے ادوار بھی گزرے ہیں جب معاشرہ مختلف اکائیوں میں تقسیم تھا اور ناانصافی کا یہ حال تھا کہ جانور کی قیمت عورت اور غلام سے زیادہ سمجھی جاتی تھی، اس دورِ ظلم و بربریت میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے اس وقت کے نظام کے خلاف آواز بلند کی اور باطل کے سامنے ڈٹ گئے۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے موجودہ عالمی صورتِ حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج امریکہ سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں نماز پڑھنے اور روزہ رکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، اصل پابندی اُس وقت شروع ہوتی ہے جب انسان جھوٹے خداؤں کو للکارتا ہے اور باطل نظام کے خلاف کھڑا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا سنتِ رسولِ خدا ہے اور یہی وہ راہ ہے جو انسانیت کو نجات دلا سکتی ہے۔
واضح رہے سالانہ یومِ مصطفیٰ کا یہ پروگرام دفترِ مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی اور آئی ایس او کے زیر اہتمام پارکنگ گراؤنڈ بالمقابل آرٹس لابی جامعہ کراچی میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دعراقی، علامہ سید عقیل انجم قادری، پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین رضا، کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر سلمان زبیر اور جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔









آپ کا تبصرہ