جمعرات 28 اگست 2025 - 21:17
امام حسینؑ سے حقیقی محبت کرنے والا کبھی بھی ظالم کا ساتھ نہیں دے گا، مولانا حیات عباس نجفی

حوزہ/ مجلس عزا سے خطاب کے دوران ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ امام علیؑ کے ماننے والے شہادت سے کبھی نہیں گھبراتے ہیں، امام علیؑ متقیوں کے امامؑ ہیں، جس کے دل میں تقویٰ ہوگا وہ مولا علیؑ سے محبت بھی رکھے گا اور قرآن مجید سے ہدایت بھی حاصل کرسکے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین ضلع شرقی کراچی اور دعا کمیٹی پاکستان کی جانب سے چھ روزہ مجالس عزا بسلسلہ "واپسی اہل حرمؑ در مدینہ اور شہادت امام حسن عسکریؑ" مسجد و محفل شاہ خراسان روڈ سولجر بازار پر جاری ہے۔

مجلس عزا کے دوسرے روز "خطبات امام حسینؑ اور ولایت امام حسینؑ" کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا حیات عباس نجفی نے کہا کہ امامؑ کا نام جس زبان پر آتا ہے، ایسا شخص کبھی بھی ظالم کا ساتھ نہیں دیتا ہے، امام حسینؑ کی شخصیت مظلوموں کے لئے حوصلہ کا باعث ہیں، امام حسینؑ سے حقیقی محبت کرنے والے ظالم کے سامنے کبھی بھی سر نہیں جھکاتے ہیں، امام حسینؑ نے اپنی زندگی کا پہلا خطبہ کمسنی میں دیا، جس میں سب سے پہلے ولایت امام علیؑ کا دفاع کیا، امام حسینؑ عمامہ پہنتے تھے تو رسول خداؐ کی طرح دکھائی دیتے تھے۔

مولانا حیات عباس نجفی نے کہا کہ امام علیؑ کے ماننے والے شہادت سے کبھی نہیں گھبراتے ہیں، امام علیؑ متقیوں کے امامؑ ہیں، جس کے دل میں تقویٰ ہوگا وہ مولا علیؑ سے محبت بھی رکھے گا اور قرآن مجید سے ہدایت بھی حاصل کرسکے گا۔

مولانا حیات عباس کا کہنا تھا کہ امام حسینؑ جانتے تھے کہ دشمن انہیں مدینہ میں قتل کرنا چاہتے ہیں، امامؑ نے کہا کہ بدن کے لئے موت اگر ضروری ہے تو شہادت سب سے بہتر موت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری اگر صحیح اہداف کے ساتھ ہو تو اس سے یزیدی قوتیں ہمیشہ پریشان رہتی ہیں۔ مجلس کے آغاز پر قاری علی حیدری نے قرآن پاک اور حدیث کساء کی تلاوت کی جبکہ سلام خوانی طالب حسین طالب نے کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha