جمعہ 18 جولائی 2025 - 07:30
پاکستانی وفاقی وزیرِ داخلہ: حرم امام رضا (ع) کی زیارت کا سفر ایک روحانی سفر ہے

حوزہ/ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے حرم امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور اس سفر کو روحانی سفر قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی حالیہ دنوں تہران میں ایران اور عراق کے وزراء کے ساتھ منعقدہ کانفرنس کے بعد مشہد مقدس تشریف لائے اور حرم امام علی رضا علیہ السّلام کی زیارت سے مشرف ہوئے؛ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ امام رضا علیہ السّلام کی طرف سے دعوت تھی اور یقیناً ان کی دعوت کے بغیر مشہد مقدس آنا ممکن نہیں تھا۔

جناب محسن نقوی نے حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام کے سربراہان اور منتظمین کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا اور پاکستان کی جانب سے زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ نے اربعین حسینی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں کے بعد اچھے فیصلے متوقع ہیں، جن کے نتائج جلد ہی اعلان کیے جائیں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان فیصلوں سے زائرین آسانی سے آمد و رفت کر سکیں گے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے اپنے اس سفر کے دوران حرم امام رضا (ع) کے منتظم اعلیٰ جناب رضا خوراکیان سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔

واضح رہے پاکستانی وزیرِ داخلہ ایران، عراق اور پاکستان کی سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے تہران کے دورے پر آئے تھے۔

کانفرنس میں اربعین پر زمینی سرحدوں کے ذریعے زائرین کی آمد و رفت زیر بحث آئی اور کل سے باقاعدہ پاکستان اور ایران کی زمینی سرحدیں کھول دی گئی ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha