۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
وزارت اطلاعات

حوزہ/ ایران کی وزارت اطلاعات نے کرمان میں دہشت گردانہ حملے کے متعلق نئی تفصیلات کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ اب تک اس جرم میں ملوث 6 صوبوں سے 11 مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرمان دہشت گردی کے واقعے میں ایران کی وزارت اطلاعات نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ اس واقعے میں ملوث 11 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے کرمان میں گلزار شہدا نامی قبرستان کے راستے میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں ملوث 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ ایک حملہ آور کی شناخت بھی کر لی گئی ہے، دہشت گرد گروپ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

ایران کی وزارت اطلاعات کے شعبہ تعلقات عامہ نے جمعہ کی شام کرمان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے حوالے سے ایک پریس ریلیز میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ایرانی شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اس پریس ریلیز میں ایران کی وزارت انٹیلی جنس کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایران کے سیکورٹی اداروں کے سرچ آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش دہشت گردوں میں سے ایک تاجکستان کا شہری تھا اور دوسرے دہشت گرد کی شناخت کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

ایران کی انٹیلی جنس وزارت کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں اشارہ دیا گیا ہے کہ کرمان شہر کے نواحی علاقے میں واقع دو خودکش حملہ آوروں کے زیر استعمال گھر کا بھی پتہ چلا ہے، جب کہ دہشت گردوں کی مدد کرنے والے دو افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ملک کے 6 صوبوں سے دہشت گردوں کے 11 دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار افراد کے قریب ہی پھٹنے کے لیے تیار ایک بم بھی ملا ہے، جبکہ دو خودکش جیکٹس، دو ریموٹ کنٹرول، دھماکہ خیز ڈیٹونیٹر، دھماکہ خیز جیکٹس اور جیکٹس میں استعمال ہونے والی کئی ہزار گولیاں اور دھماکہ خیز مواد کے لئے تیار کچھ تاریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .