جمعرات 24 اپریل 2025 - 13:44
پہلگام میں سیاحوں پر حملہ، پوری انسانیت پر حملہ ہے، مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن کے بانی و سرپرست مولانا علی حیدر فرشتہ نے اپنے ایک بیان میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن کے بانی و سرپرست مولانا علی حیدر فرشتہ نے اپنے ایک بیان میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔جسکا مکمل متن اس طرح ہے۔

بسمہ تعالیٰ

من قتل نفسا بغير نفس أو فساد في الأرض فكأنما قتل الناس جميعا ومن أحياها فكأنما أحيا الناس جميعا(قرآن مجید)

’’جس نے کسی جان کے بدلے یا زمین میں فساد پھیلانے کے بدلے کے بغیر کسی شخص کو قتل کیا تو گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کردیا‘‘

کشمیر کی خوبصورت وادی پہلگام میں انسانیت کو شرمسار کردینے والی دہشت گردانہ حرکت نے پورے ملک اور عالمی برادری کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یہ حملہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں واقع پہلگام کے بائیسران علاقے میں پیش آیاتھا، جہاں دہشت گردوں نے سیاحوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس حملے میں کم از کم27 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے، جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔ خبروں کے مطابق پہلگام دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے لوگوں میں سے ایک سید عادل حسین شاہ بھی ہیں، جو علاقے میں گھڑ سواری کا کام کرتے تھے ۔ شاہ نے انتہائی دلیری کے ساتھ دہشت گردوں سے لوہا لیا اور ان سے لڑتے لڑتے اپنی جان گنوادی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عادل مقامی شہری تھے اور ایک خاتو ن کو حملہ سے بچانے کی کوشش کررہے تھے ۔ انہوں نے ایک دہشت گرد سے رائفل چھیننے کی بھی کوشش کی ، جس کے بعد دہشت گرد نے انہیں گولی ماردی۔ عادل اپنے گھر میں واحد کمانے والا تھا اور حملے میں مرنے والا واحد مسلم شخص تھا ۔سوشل میڈیا رپورٹس میں یہ بات تیزی کے ساتھ گردش کررہی ہے کہ دہشت گردوں نے سیاحوں سے اس کا مذہب پوچھنے کے بعد مارا ۔تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا عادل کو بھی نام پوچھ کر مارا گیا تھا یا کیا ؟۔

پہلگام میں سیاحوں پر حملہ، پوری انسانیت پر حملہ ہے، مولانا علی حیدر فرشتہ

واضح رہے کہ دہشت گردوں کا کائی مذہب نہیں ہوتا ۔روزنامہ اردو اخبار انقلاب ممبئی کی تحریر کے مطابق اگست ۲۰۲۳ء میں جے پور سے ممبئی آرہی جے پور -ممبئی سینٹرل سپر فاسٹ ایکسپریس ٹرین میںجس طرح چلتی ٹرین میں ایک پولیس والے نے چن چن کر مسلمانوں کو گولی ماری ہے، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ملک کس رخ پر جارہا ہے۔ یہ کھلی دہشت گردی ہے‘‘۔

پہلگام میں سیاحوں پر حملہ، پوری انسانیت پر حملہ ہے، مولانا علی حیدر فرشتہ

اسلامی تعلیمات کے مطابق کسی بھی انسان کا ناحق قتل کرنا تمام انسانوں کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔پہلگام سانحہ میں قتل اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ ہم مجمع علماءوخطباء حیدرآباد کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاء کرتے ہیں۔ اور دہشت گردوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔نیز امید کرتے ہیں کہ ملک کی حفاظتی و انتظامی ایجنسیاں اور ادارے حملہ کے اسباب و علل اور دہشت گردوں کے تعلق سے مکمل معلومات فراہم کرنے کے بعد قوم کو صحیح صورت حال سے آگاہ کریں گے کیونکہ پلوامہ کے بعد یہ نہایت خوفناک اور تشویشناک حملہ تصور کیا جارہا ہے۔فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

طالب دعاء

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ

بانی و سرپرست اعلیٰ مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن (انڈیا)

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha