حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس علماء ہند شعبہ قم کے سربراہ مولانا سید احمد رضا رضوی زرارہ نے جنت نظیر وادی کشمیر کے شہر پہلگام میں پیش آنے والے افسوسناک اور انسانیت سوز دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بزدلانہ عمل کا مقصد معاشرتی امن کو تہ و بالا کرنا، عوام میں خوف و ہراس پھیلانا اور اسلام و مسلمانوں کو بدنام کرنا ہے۔
مولانا نے کہا کہ ایسے دہشت گردانہ حملے کسی ایک مذہب، قوم یا مسلک کی نمائندگی نہیں کرتے بلکہ یہ انسانیت کے دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کا نتیجہ ہیں۔ اسلام ایک پرامن دین ہے جو انسان کے خون کو محترم جانتا ہے۔ جیسا کہ قرآن کریم میں واضح فرمایا گیا: "جس نے ایک انسان کو ناحق قتل کیا، گویا اُس نے پوری انسانیت کو قتل کیا۔" (سورۃ المائدہ: 32)
یہ پیغام کسی فرقہ یا مسلک کے لئے مخصوص نہیں بلکہ تمام انسانوں کے لیے ہے۔
ہم میڈیا، دانشوروں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے انفرادی افعال کو کسی مذہب یا برادری سے جوڑنے کے بجائے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیں۔ صرف یہی راستہ ہے جس سے معاشرے میں امن، بھائی چارہ اور عدل قائم ہو سکتا ہے۔
ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ خداوند متعال زخمیوں کو جلد از جلد شفا عطا فرمائے، اور ہمارے وطن عزیز کو ہر قسم کی دہشت گردی سے محفوظ رکھے۔









آپ کا تبصرہ