جمعرات 24 اپریل 2025 - 22:30
بائسرن پہلگام سانحہ؛ دہشت گردی کا ایک انسانیت سوز واقعہ ہے: مولانا وسیم رضا کشمیری

حوزہ/ وادی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام کے علاقے بائسرن میں دہشتگردانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مولانا وسیم رضا قمی کشمیری نے ملوث عناصر کو انسانیت کا دشمن قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وادی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام کے علاقے بائسرن میں دہشتگردانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مولانا وسیم رضا قمی کشمیری نے ملوث عناصر انسانیت کا دشمن ہیں اور یہ حرکت سفاکیت کی بدترین مثال ہے؛ نہتے لوگوں کا خون بہانہ بہادری نہیں، بلکہ بزدلی کی علامت اور اس قسم کی کارستانیوں کا ایک مقصد کشمیر کے انسان دوست عوام کو بدنام کرنا اور ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ یہ حملہ ایک بڑی سازش کا حصہ ہے۔

جامعۃ المصطفی(ص) العالمیہ قم المقدسہ میں زیر تعلیم کشمیری دینی مبلغ اور محقق مولانا وسیم رضا نے کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام کے نزدیک علاقہ بائسرن میں غیر ریاستی سیاحوں پر بہیمانہ حملے کیخلاف گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید کے مطابق، جس نے کسی نہتے انسان کو قتل کیا تو گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کر دیا، اور جس نے کسی کو زندگی بخشی اس نے گویا تمام انسانوں کو زندگی بخشی۔

مولانا نے مزید کہا کہ دہشتگروں کا کوئی دین و مذہب یا پہچان نہیں ہوتی، جبکہ ہم ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں، کیونکہ اسلام امن و آشتی کا دین ہے، البتہ استعمار اور میڈیا کے منفی پروپگنڈے کی زد میں مسلمانوں کا چہرہ داغدار کیا جارہا ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہندوستان جیسے بڑے ملک کی سب سے اہم خصوصیت اور طاقت اس کی تنوع اور آپسی یکجہتی جہاں مختلف مذاہب کے پیروکار ثقافتی رواداری کے ساتھ مل کر زندگی گزار رہے ہیں۔ افسوس اس ثقافت اور قدرت کو کمزور کرنے کیلئے بیرونی و درونی عناصر اپنی مذموم کوششیں انجام دے رہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس عظیم سرمایہ کی حفاظت کی جائے۔

پہلگام واقعے نے کشمیریوں کے دلوں کو غمگین اور ہمارے وجود کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے، جبکہ میڈیا کے منفی تاثرات یا بیرون ریاستوں میں کشمیریوں کو ہراساں کرنا افسوسناک، ناقابلِ برداشت اور توقعات کے خلاف ہے، کشمیری قوم متاثرین کے ساتھ کھڑی اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہے۔

مولانا وسیم رضا کشمیری نے حکومت اور سیکورٹی اداروں سے اپیل کی ہے کہ ایسے وحشیانہ حملوں کو روکنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں اور خوشحال کشمیر کی تعمیر اور قیامِ امن کیلئے عوام کو اعتماد میں لینا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے بیرون ریاستوں میں مقیم کشمیریوں خصوصاً اسٹوڈنٹس کو ہراساں کئے جانے کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha