اتوار 27 اپریل 2025 - 21:00
حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج 2025 کے عازمین کے لیے "حج سویدھا ایپ" متعارف

حوزہ/نئی دہلی؛ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2025 کے تمام عازمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ وزارتِ اقلیتی امور، حکومتِ ہند کی نگرانی میں تیار کردہ جدید "حج سویدھا ایپ 2.0" کو فوری طور پر ڈاؤن لوڈ کر کے اس کے استعمال میں مہارت حاصل کریں اور اس میں فراہم کردہ سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے جاری سرکولر کے کے مطابق "حج سویدھا ایپ" نہ صرف سفرِ حج اور مناسکِ حج کی ادائیگی میں معاون و مددگار ہوگا، بلکہ عازمین کی صحت و تندرستی کا بھی مؤثر نگراں ثابت ہوگا۔ ایپ کے تازہ ترین ورژن میں حجاج کرام کے لیے ہوائی پروازوں کی تفصیلات، ویزا کی تصدیق، ضروریات اور شکایات کے ازالے کا نظام، اہم اعلانات کی فوری اطلاع، طبی سہولیات تک رسائی، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، منیٰ اور عرفات میں جی پی ایس نیویگیشن، مصنوعی ذہانت سے مزین چیٹ بوٹ، اوقاتِ نماز، قبلہ نما، مناسکِ حج و عمرہ سے متعلقہ راہنمائی اور سامان کی تلاش و نگرانی جیسی اہم سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

مختصر یہ کہ"حج سویدھا ایپ" عازمین کے لیے ایک ہمہ وقت دستیاب ڈیجیٹل رہنما کی حیثیت رکھتا ہے جو محض انگلیوں کی جنبش پر ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

سرکولر میں مزید بتایا گیا ہے کہ نئے ورژن کی ایک نمایاں خصوصیت پیڈومیٹر (قدم شماری) کی سہولت ہے، جو حجاج کی جسمانی صحت کی نگرانی میں مدد دے گی۔ چونکہ حج کے مناسک میں کافی پیدل چلنا پڑتا ہے لہٰذا یہ سہولت عازمین کی صحت کی بہتری کے لیے خاص طور پر تیار کی گئی ہے۔

حج کمیٹی آف انڈیا نے حجاج کی سہولیات کے فروغ کی ایک نئی پہل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہر ریاست سے اُن 10 عازمین کو خصوصی اعزاز سے نوازا جائے گا جو "حج سویدھا ایپ" سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں گے۔

حج 2025 کے تمام عازمین سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ "حج سویدھا ایپ 2.0" کو گوگل پلے اسٹور یا ایپل ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں، اپنے HAF آئی ڈی اور رجسٹرڈ موبائل نمبر کے ذریعے فوری رجسٹریشن مکمل کریں اور دستیاب جدید سہولیات سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha