حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سر زمین مبارک پور ہندوستان پر پہلی بار شیعہ عازمین حج کے لئے اپنی نوعیت کا منفرد اور عظیم الشان حج تربیتی کیمپ بعنوان ”ایک روزہ حج تربیتی پروگرام“ نہایت کامیابی و کامرانی اور خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
تصاویر دیکھیں:
مبارک پور میں شیعہ عازمین حج کے لیے منفرد حج تربیتی کیمپ کا عظیم الشان اہتمام
اس موقع پر علمائے کرام نے مناسکِ حج و زیارات پر مختلف زاویوں سے روشنی ڈالی اور مولانا سید رضی حیدر رضوی استاد جامعہ انوار العلوم الہ آباد نے عملی طور پر حج کی ٹریننگ کروائی۔
تفصیلات کے مطابق، ۲۷؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز اتوار بمقام مدرسہ باب العلم، مبارکپور، ضلع اعظم گڑھ زیر اہتمام خادم الحجاج مبارکپور و حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو حسن منزل، محلہ محمود پورہ ،املو ،مبارکپور،ضلع اعظم گڑھ(یوپی) انڈیا، دو نشستوں میں انعقاد ہوا، جس میں حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے حج ۲۰۲۵ء پر جانے والوں کے لیے علمائے کرام نے مناسکِ حج پر مختلف زاویوں سے روشنی ڈالی اور مولانا سید رضی حیدر رضوی استاد جامعہ انوار العلوم آلہ آباد نے عملی طور حج کی تریننگ کروائی۔
پہلی نششت:صبح ۹؍بجے سے ۱۲؍بجے دن تک ہوئی جس کا آغاز مولوی سید محمد کاشف متعلم مدرسہ باب العلم مبارکپور نے تلاوت قرآن مجید سے کیا ۔اس کے بعد مہمان خصوصی بزرگ عالم دین و خطیب اہل بیت حجۃ الاسلام عالی جناب مولانا ناظم علی صاحب قبلہ واعظ سربراہ جامعہ حیدریہ خیرآباد مئو نے اپنی افتتاحی تقریر میں فلسفہ حج وزیارات کے موضوع پر بصیرت افروز تقریر فرمائی اس کے بعد معلم الحجاج حجۃ الاسلام عالیجناب الحاج مولانا سید رضی حیدر رضوی صاحب قبلہ، جامعہ انوار العلوم الہ آباد نے عمرہ تمتع پر تفصیل سے عملی ٹریننگ کی ذمہ داری ادا کی۔
نمازِ ظہرین حجۃ الاسلام مولانا مظاہر حسین صاحب قبلہ پرنسپل مدرسہ باب العلم کی اقتداء میں ادا کی گئی اور پھر جملہ عازمین حج اور شرکائے پروگرام کے لئے ظہرانہ (Lunch)کا اہتمام کیا گیا ۔
دوسری نشست ۲؍بجے سے ۵؍بجے تک ہوئی، جس کا آغاز مولوی سید محمد کاشف متعلم مدرسہ باب العلم مبارکپور نے تلاوتِ قرآن مجید سے کیا۔
مہمان خصوصی حجۃ الاسلام عالی جناب مولانا مظاہر حسین صاحب قبلہ پرنسپل مدرسہ باب العلم نے آداب واحکام زیارات کے موضوع پر قرآن و حدیث کی روشنی میں ایمان افروز تقریر فرمائی۔
معلم الحجاج حجۃ الاسلام عالیجناب الحاج مولانا سید رضی حیدر رضوی صاحب قبلہ، جامعہ انوار العلوم آلہ آباد نے حج تمتع پر تفصیل سے عملی ٹریننگ کی ذمہ داری بطریق احسن انجام دی۔
آخر میں مہمان خصوصی حجۃ الاسلام عالیجناب الحاج مولانا عرفان عباس صاحب قبلہ، امام جمعہ شیعہ جامع مسجد شاہ محمد پور،مبارکپو نے حج و زیارات سے متعلق اپنے تاثرات و خیالات اور تجربات سے تمام حاضرین کو محظوظ و مستفید فرمایا۔
حج تربیتی کیمپ میں الہ آباد، بنارس، جونپور، مظفر نگر، امبیڈکر نگر ۔مئو اور اعظم گڑھ کے عازمین حج مؤمنین و مؤمنات نے پروگرام میں شرکت کی۔
عازمیں حج اور موجود ناظرین و سامعین نے بہت دلچسپی سے مکمل پروگرام کو سماعت فرمایا اور آئندہ سال بھی اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کی خواہش کا بر ملا اظہار کیا ۔
مذکورہ دونوں نشستوں میں نظامت کے فرائض حجۃ الاسلام عالیجناب الحاج مولانا ابن حسن صاحب قبلہ املوی واعظ، بانی و سرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر، املو مبارک پور نے بحسن و خوبی انجام دیئے۔
محترمہ ام سلمیٰ صاحبہ لکچرار باب العلم نسواں انٹر کالج مبارکپور کی نگرانی میں خواتین کے لیے پردہ کا معقول اہتمام کیا گیا تھا۔
قصبہ مبارکپور میں بنارسی ساڑیوں کے مشہور ومعروف تاجر الحاج ماسٹر امیر حیدر کربلائی کی بیٹی محترمہ ڈاکٹر معراج فاطمہ زوجہ ڈاکٹر حیدر امام اور زیبا عارفین زوجہ ثقلین حیدر نے براہ راست حج و عمرہ سے متعلق مسائل دریافت کئے جن کا معلم الحجاج حجۃ الاسلام مولانا سید رضی حیدر صاحب قبلہ نے بہت ہی خوشی کے ساتھ اور آسان زبان میں جواب دیا ۔
مولانا کہا کہ میں متعدد مقامات پر حج ٹریننگ پروگرام میں حصہ لیتا ہو ں مگر مجھے یہا ں ایک نئی خوشی محسوس ہوئی کہ مبارکپور کی ہماری بہن بیٹیاں دینی مسائل میں اچھی خاصی دلچسپی اور معلومات رکھتی ہیں۔ واضح ہو کہ الحاج ماسٹر امیر حیدر کربلائی صاحب کی دو بیٹیاں، دو پوتے، ایک بیٹا، ایک بہو اور خود اس طرح ان کے گھر کے سات افراد اس سال حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے حج پر جا رہے ہیں جو نہایت خوش بختی کی بات ہے۔
پروگرام کے بانی و مہتمم عالیجناب الحاج ماسٹر ساغر حسینی صاحب، SHI))اسٹیٹ حج انسپکٹر برائے حج ۲۰۲۵ءاورعالیجناب الحاج ماسٹر قیصر رضا صاحب، SHI))اسٹیٹ حج انسپکٹر برائے حج ۲۰۲۵ءنے تمام حاضرین کا پرخلوص شکریہ ادا کیا ۔اور آئندہ سال بھی ان شاءاللہ توفیق خدا شاملِ حال رہی تو معلم الحجاج حجۃ الاسلام عالیجناب الحاج مولانا سید رضی حیدر رضوی صاحب قبلہ، جامعہ انوار العلوم الہ آباد کی سرپرستی میں موسم حج کے درمیان کسی مناسب دن اور تاریخ میں حج تربیتی پروگرام منعقد کرنے کے عزم بالجزم کا اعادہ فرمایا۔
سر زمین مبارکپور پر پہلی بار شیعہ عازمین حج کے لئے اپنی نوعیت کی منفرد ورکشاپ بعنوان ایک روزہ حج تربیتی پروگرام نہایت کامیابی و کامرانی اور خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور حضرات بانیان کرام کے تمام تر انتظامات بشمول خورد و نوش نہایت اطمینان بخش اور قابل تعریف تھے۔









آپ کا تبصرہ