حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ نجفِ اشرف میں طلابِ کشمیر کے ایک اہم اور بابرکت اجتماع کا انعقاد ہوا، جس میں تنظیمی و تعلیمی امور پر گفتگو کے بعد ایک متفقہ فیصلہ سامنے آیا، اس اجلاس میں معروف عالمِ دین آغا سید ذہین علی نجفی کو طلابِ کشمیر کے میر کارواں منتخب کیا گیا۔

موصوف اب طلابِ کشمیر کے تمام علمی، تنظیمی اور فلاحی امور کی نگرانی کریں گے، ان کی سربراہی میں طلاب کی تعلیم، تربیت، اخلاقی کردار سازی، اور اجتماعی معاملات کو مؤثر انداز میں منظم کیا جائے گا۔
طلابِ کشمیر نے مولانا موصوف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی سربراہی میں کشمیری طلاب نجفِ اشرف میں نہ صرف علمی میدان میں ترقی کریں گے، بلکہ اتحاد، اخوت اور ذمہ داری کے جذبے سے سرشار ہو کر حوزہ علمیہ کی نمائندگی کا فریضہ بھی بہتر انداز میں انجام دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ طلاب کی علمی پیش رفت اور دینی خدمات کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم ہے جو ان شاء اللہ مستقبل میں ثمر آور ثابت ہوگا۔
اس موقع پر طلاب کرام نے مولانا ذہین علی نجفی کو مبارکباد پیش کی، برادران کا کہنا تھا یہ اجتماع نہ صرف علمی و روحانی ارتقاء کا ذریعہ ہے، بلکہ اتحاد، اخوت اور ملتِ جعفریہ کے روشن مستقبل کی نوید بھی ہے۔
ان کی تقرری کا مقصد طلاب کی علمی، اخلاقی اور سماجی ترقی کو بہتر بنانا ہے، ان کی رہنمائی میں طلاب کشمیر کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے سے مخلتف منصوبے مرتب کیے جائیں گے، تاکہ طلاب ایک مؤثر اور با مقصد تعلیمی سفر طے کر سکیں۔

اس موقع پر کشمیر کے مؤمنین کا کہنا ہے کہ علمائے کشمیر نجف اشرف نے مولانا ذہین نجفی جیسی پر خلوص علمی، فعال، و متوازن شخصیت کو یہ ذمہ داری دیکر بہترین فیصلہ کیا، جس کے مثبت اثرات جلد نظر آئیں گے۔
مولانا ذہین نجفی کی علمی، فکری اور سماجی خدمات ہمیشہ سے ہمارے لیے باعثِ فخر رہی ہیں۔ ان کی سربراہی میں ملت کو نہ صرف فکری استحکام حاصل ہوگا، بلکہ دینی، اخلاقی اور تنظیمی ترقی کی نئی راہیں بھی کھلیں گی؛ ہمیں یقین ہے کہ ان کا تقرر ملت کے اتحاد و یکجہتی کو مزید مضبوط کرے گا۔"
مولانا سید ذہین علی نجفی کا میر کارواں کی حیثیت سے اعلان کشمیری مؤمنین کے لیے خوشی، فخر اور اطمینان کا باعث بنا ہے۔









آپ کا تبصرہ