اتوار 20 اپریل 2025 - 13:27
خبر غم؛ بلتستان کے بزرگ عالم دین شیخ حسن ناطقی نجفی رحلت فرما گئے

حوزہ/ بلتستان کے بزرگ عالم دین حجت الاسلام والمسلمین شیخ حسن ناطقی نجفی کافی عرصہ علیل رہنے کے بعد دارِ فانی سے دار البقاء کی طرف کوچ کر گئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بلتستان کے بزرگ عالم دین حجت الاسلام والمسلمین شیخ حسن ناطقی نجفی کافی عرصہ علیل رہنے کے بعد دارِ فانی سے دار البقاء کی طرف کوچ کر گئے ہیں۔

"إِنَّا لِلَّهِ وَ إِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ ثُلِمَ فِي الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا يَسُدُّهَا شَيْءٌ إِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ.

نہایت ہی افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ حسن ناطقی نجفی کافی عرصہ علیل رہنے کے بعد، گزشتہ رات دارِ فانی سے دار البقاء کی طرف کوچ کر گئے ہیں۔
مرحوم و مغفور کی حیاتِ طیبہ، سراسر دینِ مبین کی خدمت، مکتبِ اہل بیتؑ کی ترویج، نجف اشرف عراق سے لیکر پاکستان پھر اپنے آبائی شہر اسکردو (چنداہ) میں معاشرے کی اصلاح میں گزری۔

علامہ شیخ حسن ناطقی نجفی کا وجود علم، تقویٰ، حلم اور اخلاص کا حسین امتزاج تھا؛ منبرِ حسینی کی زینت، مجالسِ عزاء میں ان کی پراثر تقریریں اور اہل بیتؑ کے علوم کی روشنی بانٹنے والی تحریریں اور دیگر دینی اور سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ان کا فقدان نہ فقط خانوادۂ علم کے لیے، بلکہ پوری قوم کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے، جس کا پُر ہونا ممکن نہیں؛ ایسے علماء کی وفات، حدیثِ معصومؑ کی رو سے، اس چراغ کے بجھنے کے مترادف ہے جو اندھیروں میں رہنمائی کرتا ہے۔

غم کی اس گھڑی میں، مرحوم و مغفور کے فرزند حجت الاسلام مولانا محمد رضا حسن سمیت دیگر لواحقین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے خداوند رحمٰن و رحیم کی بارگاہ میں لواحقین و احباب اور شاگردوں کے لیے صبرِ جمیل و اجرِ عظیم کی تمنّا کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ مرحوم و مغفور کو جوارِ معصومین علیہم السّلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

شریکِ غم؛ جواد الائمہ اسلامک فاؤنڈیشن چنداہ مقیم قم المقدسہ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha