۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
جواد الائمہ اسلامک فاؤنڈیشن

حوزہ/ جواد الائمہ اسلامک فاؤنڈیشن نے شیخ نیاز محمد کریمی نجفی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے بھائی اور بیٹوں کی خدمت میں تسلیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جواد الائمہ اسلامک فاؤنڈیشن مقیم قم المقدسہ نے حجت الاسلام والمسلمین شیخ نیاز محمد کریمی نجفی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ان کے بھائی آیت اللہ غلام عباس رئیسی اور بیٹے ڈاکٹر شجاعت کریمی اور اسحاق حمودی کی خدمت میں تسلیت پیش کی ہے۔

جواد الائمہ اسلامک فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری تسلیت نامے کا متن مندرجہ ذیل ہے:

انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔

حضرت آیت اللہ غلام عباس رئیسی کے بڑے بھائی اور حجت الاسلام والمسلمین دکتر شجاعت علی کریمی و حجت الاسلام والمسلمین شيخ محمد اسحاق حمودی کے والد گرامی ملت تشیع کے ممتاز عالم دین حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد نیاز کریمی ہمیں داغ مفارقت دیکر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔

کس سے اس درد مصیبت کا بیاں ہوتا ہے

آنکھیں روتی ہیں، قلم روتا ہے، دل روتا ہے

افسوس صد افسوس کہ آج ہمارے درمیان سے عالم باعمل مروج دین قبلہ شیخ نیاز کریمی داعی اجل کو لبیک کہہ کر دار بقا اور قرار کی جانب ہم سب کو روتا بلکتا اور سسکتا چھوڑ کر روانہ ہو گئے، موت بر حق ہے، اس سے کسی کو راہ فرار نہیں جس نے بھی اس دنیائے ہست و بود میں قدم رکھا اسے ایک نہ ایک دن گوشۂ قبر کی تنہائی کا سامنا ضرور کرنا ہے۔

اس دار فانی کو وداع کہنا ''انا للہ و انا الیہ راجعون'' کی عملی مثال ہے، یہ اندوہناک خبر تمام عزیز واقارب اور چاہنے والوں کے قلب و دماغ پر بجلی بن کر گری، قحط الرجال کے دور میں ایسی علمی شخصیت کا چلا جانا کسی عظیم سانحے سے کم نہیں، مدتوں بعد ایسی علمی شخصیات پیدا ہوتیں ہیں کہ جن سے سماج فیضاب ہوتا ہے۔
مرحوم و مغفور شیخ نیاز کریمی کو خدا نے بے پناہ خوبیوں سی نوازا تھا۔ آپ مبلغ و مروج دین بھی تھے مدرس بھی تھے خطیب بھی تھے، بلکہ وہ ملت جعفریہ کے مایہ ناز شخصیات میں سے ایک تھے جنہیں اللہ تعالٰی نے علوم دین خصوصاً فقہ و اصول کی تدریس میں ید طولی عطا فرمایا تھا۔

حوزہ ہائے علمیه نجف وقم اور پورے پاکستان میں ان کے شاگردوں کی کثیر تعداد موجود ہے، جو کہ یقیناً ان کے لئے صدقہ جاریہ ہے۔
موت چونکہ ایک اٹل حقیقت ہے جس سے نہ انکار ممکن ہے نہ فرار اور یہ نزول و ارتحال کا سلسلہ شروع سے چلا آرہا ہے اس لئے قانون فطرت کے آگے سبھی بے بس ہیں وگرنہ یہ وہ صدمہ ہے جو بھلایا نہیں جا سکتا عام آدمی کی موت سے صرف افراد خانہ اور رشتہ دار متاثر ہوتے ہیں، لیکن ایک عالِم دین کی موت سے ایک عالَم متاثر ہوتا ہے۔
بارگاہ حضرت حق میں یہی دعا ہے کہ مرحوم و مغفور شیخ محمد نیاز کریمی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے۔

شریک غم: جواد الائمہ اسلامک فاؤنڈیشن پاکستان

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .