۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
علامہ سبطین سبزواری

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر: جڑانوالہ میں مسیحی بستیوں پر حملے مذہبی جنونیت اور دہشت گردی کا تسلسل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں مسیحی بستیوں پر حملے ماضی کی مذہبی جنونیت اور دہشت گردی کا تسلسل ہے ۔اسلام امن پسنددین ہے، کسی بھی مذہب کے ماننے والوں پر حملے کی اجازت نہیں دیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا مسلمانوں اور ریاست کی ذمہ داری ہے ۔مسیحی ہمارے بھائی اور برابر کے پاکستانی شہری ہیں ۔عوامی شعور بلند کر کے فرقہ واریت اور مذہبی دہشت گردی سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ بغیر ثبوت خود عدالتیں لگانے والوں کی سرکوبی ہونی چاہیے۔ ورنہ اسلام اور پاکستان کی بدنامی جاری رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ مسیحیوں کے ساتھ ایسے مظالم پہلے بھی کئی بار دہرائے گئے ہیں۔جہاں ان کی عبادت گاہوں اور املاک کو جلایا گیا۔ حکومت اور علماء کو متوجہ کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ قوم کی فکری تربیت اور تحمل و برداشت کو فروغ دیا جائے ۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں کمزور کو دبانے، ظلم زیادتی اور دہشتگردی کا رجہان بڑھ رہا ہے۔ جس کی وجہ سے مفاد پرست اور شرپسند عناصر فائدہ اٹھاتے ہیں ۔

علامہ سبطین سبزواری نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہمارا تفتیشی اور عدالتی نظام بھی بہت کمزور ہو چکا ہے ۔ظالموں کو سخت سزائیں ملنے کی بجائے انہیں چھوڑ دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے مجرموں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ جیل سے واپس آکر مزید شدت اور دلیری سے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ مسیحی اسپیکر پنجاب اسمبلی ایس پی سنگھا کے کاسٹنگ ووٹ کی وجہ سے صوبہ پنجاب برصغیر کے تقسیم کے موقع پر پاکستان میں شامل ہوا۔ ہمیں مسیحیوں کے اس احسان کو نہیں بھولنا چاہیے اور انہیں پاکستان میں عدم تحفظ کا شکار نہیں کرنا چاہیے مگر افسوس کچھ جاہل مذہبی جنونی بغیر تحقیق لوگوں پر حملہ ہونے کی وجہ سے اسلام اور پاکستان کی بدنامی کا باعث بنتے اور مسیحیوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .