حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بلتستان پاکستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز عالم دین، خطیب اور مبلغ حجت الاسلام والمسلمین شیخ نیاز محمد کریمی نجفی قلیل مدت علیل رہنے کے بعد، آج بلتستان میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے ہیں۔
مرحوم و مغفور، پاکستان کے ممتاز عالم دین آیت اللہ غلام عباس رئیسی کے بڑے بھائی تھے۔
حجت الاسلام والمسلمین شیخ نیاز محمد کریمی نجفی نے دینی تعلیم کا آغاز حوزه علمیه نجف اشرف سے کیا۔ عراق میں بعث حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد، دینی طلاب کو عراق بدر کیا جن میں مرحوم و مغفور بھی شامل تھے تاہم شیخ نیاز محمد کریمی اعلیٰ اللّٰہ مقامہ نے دینی علوم کے حصول کو جاری رکھنے کیلئے حوزه علمیه قم کا انتخاب کیا، جہاں آپ نے دسیوں مجتہدین عظام کے دروس خارج سے استفادہ کیا۔
مرحوم و مغفور نے عرصہ دراز علمی اور تبلیغی فرائض سرانجام دیئے۔ آپ نے حوزہ علمیه خپلو بلتستان میں استاد کے عنوان سے بھی فرائض سرانجام دیئے اور آپ کی علمی خدمات میں دینی مدرسہ گمبہ سکردو منگر کی تاسیس بھی سرفہرست ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین شیخ نیاز محمد کریمی نجفی استاد ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین خطیب، مبلغ اور شاعر بھی تھے۔