ہفتہ 7 فروری 2026 - 16:21
سانحہ اسلام آباد پر انسانیت شرمسار، مولانا رضی حیدر پھندیڑوی

حوزہ/ اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران شیعہ مسلمانوں پر ہونے والا خودکش حملہ ایک نہایت افسوسناک، دلخراش اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ عبادت گاہ میں اللہ کی عبادت میں مصروف بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی، انسانیت دشمنی اور مذہبی اقدار کی سنگین پامالی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا رضی حیدر پھندیڑوی مقیم دہلی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران شیعہ مسلمانوں پر ہونے والا خودکش حملہ ایک نہایت افسوسناک، دلخراش اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ عبادت گاہ میں اللہ کی عبادت میں مصروف بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی، انسانیت دشمنی اور مذہبی اقدار کی سنگین پامالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بطور ایک ہندوستانی شہری اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں اور شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت پیش کرتا ہوں۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ ایسے سفاکانہ اقدامات نہ صرف انسانی جانوں کا ضیاع ہیں بلکہ پورے خطے کے امن اور سماجی ہم آہنگی کے لیے خطرہ بھی ہیں۔

ساتھ ہی، اس نوعیت کے مسلسل واقعات پر میں متعلقہ حکام کی ذمہ داری اور کارکردگی پر تشویش اور ناراضی کا اظہار بھی ضروری سمجھتا ہوں۔ عبادت گاہوں اور مذہبی اجتماعات کو تحفظ فراہم کرنا ہر ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ جب شہری عبادت کے دوران بھی محفوظ نہ ہوں تو یہ ایک سنجیدہ سوالیہ نشان بن جاتا ہے جس کا جواب اور مؤثر اقدام ناگزیر ہے۔

مولانا رضی حیدر نے کہا کہ مذہبی مقامات ہمیشہ امن، عبادت اور روحانی سکون کی جگہ ہوتے ہیں۔ ان پر حملہ دراصل پوری انسانیت پر حملہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مکاتبِ فکر، مذہبی و سماجی رہنما، اور ریاستی ادارے متحد ہو کر انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف مضبوط مؤقف اختیار کریں اور معاشرے میں رواداری، باہمی احترام اور اتحاد کو فروغ دیں۔

ہمیں نفرت اور تشدد کے اس اندھیرے کے مقابلے میں انسانیت، اتحاد اور امن کے چراغ روشن رکھنے ہوں گے۔ ہر انسان، بلا تفریقِ مسلک و مذہب، عبادت اور زندگی کے تحفظ کا حق رکھتا ہے اور اس حق کا تحفظ عالمی اور انسانی ذمہ داری ہے۔

اللہ شہداء کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل و اجر جزیل عطا فرمائے اور دنیا بھر میں امن و سلامتی قائم فرمائے آمین۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha

تبصرے

  • محشر رضا IN 16:24 - 2026/02/07
    اللہ شہداء کربلا کے ساتھ تمام شہدائے مسجد جامع اسلام آباد کو محشور فرمائے آمین