ہفتہ 7 فروری 2026 - 15:35
اسلام امن و رواداری کا دین، دہشت گردی غیر اسلامی اور غیر انسانی جرم ہے، مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ مجمعِ علماء و خطباء، حیدرآباد نے اسلام آباد شیعہ مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے دلخراش دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف اسلام اور انسانی اقدار کے خلاف ہے بلکہ عبادت کے مقدس مقام پر ہونے والا بزدلانہ عمل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمعِ علماء و خطباء، حیدرآباد نے اسلام آباد شیعہ مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے دلخراش دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف اسلام اور انسانی اقدار کے خلاف ہے بلکہ عبادت کے مقدس مقام پر ہونے والا بزدلانہ عمل ہے۔ بیان کا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم

مجمعِ علماء و خطباء، حیدرآباد، اسلام آباد میں ایک شیعہ مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں 50 سے زائد معصوم نمازی شہید اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

یہ سفاکانہ کارروائی نہ صرف بے گناہ انسانوں کے خون سے کھیلنے کے مترادف ہے بلکہ اسلام، انسانیت اور دینی اقدار پر کھلا حملہ ہے۔ اللہ کے گھر میں، عبادت کے مقدس لمحوں میں، عبادت گزاروں کو نشانہ بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ دہشت گرد عناصر کسی دین و مذہب سے کوئی تعلق نہیں رکھتے اور ان کا اسلام سے کوئی واسطہ نہیں۔

اسلام امن، رواداری اور احترامِ انسانیت کا دین ہے، جبکہ اس قسم کی دہشت گردی صریحاً غیر اسلامی، غیر انسانی اور قابلِ نفرت جرم ہے۔

ہم اس اندوہناک سانحے میں شہید ہونے والے مؤمنین کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ ۔۔اللہ ان تمام شہداء کو شہدائے کربلا کے ساتھ محشور فرمائے اور زخمیوں کی جلد و مکمل شفایابی کے لیے بارگاہِ الٰہی میں دعا گو ہیں۔

مجمعِ علماء و خطباء، حیدرآباد، متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتا ہے کہ:

اس دلخراش حملے میں ملوث تمام مجرموں اور سہولت کاروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے

عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے موثر اور سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں

دہشت گردی اور فرقہ وارانہ نفرت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات عمل میں لائے جائیں

ہم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور امن، اتحاد اور باہمی اخوت کے اپنے عزم کو دہراتے ہیں۔

مجمعِ علماء و خطباء، حیدرآباد

اِنّا لِلّٰہِ وَاِنّا اِلَیہِ رَاجِعُون

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha