اتوار 8 فروری 2026 - 08:00
خدا کے حضور سجدہ گزاروں پر دہشت گردانہ حملہ، غیر انسانی فعل: مولانا منظور عالم جعفری

حوزہ/ہندوستان کے برجستہ عالم دین سید منظور عالم جعفری سرسوی نے پاکستان میں شیعہ نمازیوں پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حالتِ نماز کے دوران شیعہ نمازیوں پر ہونے والا دہشتگردانہ حملہ، نہایت افسوسناک، انسانیت سوز اور قابلِ مذمت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے برجستہ عالم دین سید منظور عالم جعفری سرسوی نے پاکستان میں شیعہ نمازیوں پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حالتِ نماز کے دوران شیعہ نمازیوں پر ہونے والا دہشتگردانہ حملہ، نہایت افسوسناک، انسانیت سوز اور قابلِ مذمت ہے۔ عبادت میں مشغول بے گناہ انسانوں کو نشانہ بنانا ایک ایسا جرم ہے جس کی کوئی دینی، اخلاقی یا انسانی توجیہ ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم، اس بزدلانہ کاروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور یہ واضح کرتے ہیں کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا درحقیقت انسانیت، امنِ عالم اور اسلامی اقدار کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعے میں شہید ہونے والے مؤمنین کے لیے ہم بارگاہِ خداوندی میں دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں شہدائے راہِ حق میں شمار فرمائے، انہیں اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کے جوار میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد از جلد مکمل شفا نصیب ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے پسماندگان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ پروردگارِ عالم انہیں صبرِ جمیل، حوصلہ اور استقامت عطا فرمائے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم حکومتِ پاکستان اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس دلخراش واقعے میں ملوث دہشتگرد عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے! عبادت گاہوں اور مذہبی اجتماعات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے! فرقہ وارانہ دہشتگردی کے خلاف سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے جائیں!

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha