حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجہ الاسلام مولانا عارف حسین اعظمی مقیم دہلی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلام آباد کی مسجد خدیجہ الکبری میں پیش آنے والا المناک دھماکہ نہایت دل خراش، روح فرسا اور انسانیت کو شرمسار کرنے والا سانحہ ہے، جس نے ہر حساس دل کو رنج و الم کی گہری کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والا یہ سفاک عمل پوری عالم انسانیت کے ضمیر پر ایک کاری ضرب ہے۔ ایسے درندہ صفت عناصر نہ دین کے نمائندہ ہیں اور نہ انسانیت کے، بلکہ وہ امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے کھلے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اندوہناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے تمام شہداء کے لیے بارگاہِ الٰہی میں بلندیِ درجات، مغفرت اور زخمیوں کی جلد و مکمل شفایابی کی دعا کرتا ہوں، نیز غم زدہ خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل، حوصلہ اور استقامت کے لیے خدا وند متعال کی بارگاہ میں دعا گو ہیں ۔
مولانا عارف حسین اعظمی حکومتِ وقت اور متعلقہ اداروں سے پُرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، اور مستقبل میں ایسے المناک سانحات کی روک تھام کے لیے مؤثر، عملی اور دیرپا اقدامات کیے جائیں، تاکہ معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور قوم کا اعتماد بحال ہو۔
آخر میں دعائیہ کلمات میں کہا کہ اللہ تعالیٰ اس اندوہناک گھڑی میں پوری قوم کو صبر و تحمل عطا فرمائے اور عالم اسلام کو ہر قسم کی دہشت گردی، بدامنی اور فتنہ و فساد سے محفوظ رکھے۔ آمین یا رب العالمین۔









آپ کا تبصرہ