ہفتہ 7 فروری 2026 - 14:08
اسلام آباد مسجد حملہ: شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا کے صدر کی شدید مذمت، دہشت گردوں کی گرفتاری کا مطالبہ

حوزہ/ اسلام آباد میں شیعہ مسجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملہ پر صدرِ شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا اور امامِ جمعہ ملبورن حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی فرقہ وارانہ دہشت گردی قرار دیا ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ عبادت گاہوں اور بے گناہ شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا اور امامِ جمعہ ملبورن حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے اسلام آباد میں شیعہ مسجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر نمازیوں کو عبادت کے دوران خون میں نہلا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم عبادت گزاروں کو نشانہ بنانا کھلی فرقہ وارانہ نفرت کی عکاسی کرتا ہے اور ایسے عناصر کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، اگرچہ وہ مسلمان کہلاتے ہوں۔

مولانا ابوالقاسم رضوی نے کہا کہ شیعہ مسلمان طویل عرصے سے دہشت گردی کا نشانہ بنتے آ رہے ہیں اور یہ صورتحال ہرگز معمول نہیں بننی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث افراد، سہولت کاروں اور نفرت کو ہوا دینے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ وہ حالیہ دنوں میں آسٹریلیا میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں اور حکومتی نمائندوں سے عبادت گاہوں کے تحفظ کے حوالے سے ملاقاتیں کرتے رہے، مگر اسی دوران اسلامی ممالک میں شیعہ مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ مذہبی منافرت اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عبادت گاہوں اور بے گناہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha