۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
1

حوزہ/ لبنان کی شیعہ سپریم کونسل نے اپنے بیان میں صہیونی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے جس میں اسرائیلی فوجیں جان بوجھ کر لبنان کی مساجد، عبادت گاہوں اور زیارت گاہوں کو تباہ کر رہی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل کے فضائی حملوں میں لبنان کے شہر بعلبک میں شہریوں اور تاریخی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس پر یونیسکو نے سخت تنبیہ جاری کی ہے۔

لبنان کی شیعہ سپریم کونسل نے اپنے بیان میں صہیونی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے جس میں اسرائیلی فوجیں جان بوجھ کر لبنان کی مساجد، عبادت گاہوں اور زیارت گاہوں کو تباہ کر رہی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملے انسانوں اور مقدس مقامات دونوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن میں "محیبیب پیغمبر" کا مزار اور سات مساجد شامل ہیں۔

کونسل کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل کے یہ اقدامات اس بات کی علامت ہیں کہ انبیاء علیہم السلام اور اولیائے کرام کے قاتل اپنی جنایتوں کو رسولوں ان کے پیروکاروں اور ان کے مقدسات کے خلاف جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ مذہبی اور انسانی مقدسات کی بے حرمتی کرتے ہوئے اپنی نفرت اور پستی کو ظاہر کر رہے ہیں اور قانونی و اخلاقی پابندیوں کے بغیر دینی و تہذیبی آثار کو تباہ کر رہے ہیں۔

اس شیعہ کونسل نے اسلامی تعاون تنظیم، عالمی اسلامی اتحاد اور انسانی ورثے کے تحفظ کے اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مذہبی مقامات کی مسلسل تباہی کو روکا جا سکے اور قابض اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔

بیان میں یونیسکو سے بھی درخواست کی گئی کہ وہ صہیونی جرائم کی مذمت کرے، اسرائیلی تجاوزات کو روکے اور زیارت گاہوں اور عبادت گاہوں کو ان کے ثقافتی، اخلاقی اور تاریخی اہمیت کی بنا پر محفوظ بنائے تاکہ ان مقدسات کی بے حرمتی نہ ہو۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .