۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
محمد حُسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ

حوزہ/ محمد حُسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے کہا کہ بے قصور گرفتار فلسطینیوں پر بھی مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، جو دلوں کو بے چین کر دیتے ہیں۔ ان بے گناہ قیدیوں کو نہ پانی دیا جا رہا ہے اور نہ ہی انہیں مناسب غذا فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سینکڑوں بیمار فلسطینی دوا سے بھی محروم ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حیدرآباد دکن/اہلسنت عالم دین محمد حُسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ، جن کا شمار ہندوستان کی ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے بزرگ اہل سنت علماء میں ہوتا ہے، نے فلسطینیوں پر ہونے والے بہیمانہ مظالم اور لبنان میں اسرائیلی درندگی کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے مسلم امہ سے اپیل کی ہے کہ یکم نومبر کو نماز جمعہ کے بعد اللہ رب العزت سے مظلوموں کی نجات کے لیے دل سے دعائیں کریں۔

جعفر پاشاہ نے کہا کہ فلسطینی عوام پر اسرائیل کے مظالم کا سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے، مگر 7 اکتوبر 2023ء سے یہ مظالم بے حد شدت اختیار کر چکے ہیں، اور اب لبنان بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہا۔ اسرائیل کی کوشش ہے کہ وہ اپنی درندگی کے خلاف کسی بھی قسم کی مذمت سے بچ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کا حال اب کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ لاکھوں افراد، بشمول شیر خوار بچے، خواتین اور بوڑھے لوگ جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جو لوگ ابھی تک زندہ ہیں، وہ خوف اور وحشت کے عالم میں زندگی گزار رہے ہیں، مگر ان کے لبوں پر کوئی شکوہ نہیں ہے، اور وہ اللہ کی رضا پر راضی ہیں۔ یہ ایک ایسا دکھ بھرا منظر ہے کہ کوئی قوم اتنے عرصے سے بے انتہا ظلم و بربریت کو برداشت کر رہی ہے۔ بھوکے پیاسے رہنا اور ہر لمحہ گولوں اور مہلک میزائلوں کی گونج میں زندگی گزارنا کوئی معمولی بات نہیں۔

تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے بزرگ اہل سنت عالم دین نے کہا کہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ اسپتالوں، مدرسوں، اور مساجد کو بھی نہیں چھوڑا گیا۔ جب فلسطینی معصوم بچے امدادی غذائی اشیاء حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اسرائیل اور امریکہ ان کے لیے بھی رحم نہیں کرتے اور انہیں شہید کر دیا جاتا ہے۔ شمالی غزہ میں صورت حال نہایت دردناک ہو چکی ہے اور زخمیوں کی تعداد ہر لمحہ بڑھتی جا رہی ہے۔

اس کے باوجود، فلسطینی عوام اللہ کے ذکر اور نمازوں کی پابندی میں غافل نہیں ہیں۔ جب بھی مساجد کے ملبوں سے اذانیں بلند ہوتی ہیں، لوگ اللہ کے گھر کی طرف رجوع ہوتے ہیں۔ جعفر پاشاہ نے کہا کہ میڈیا کی اطلاعات کے مطابق بے قصور گرفتار فلسطینیوں پر بھی مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، جو دلوں کو بے چین کر دیتے ہیں۔ ان بے گناہ قیدیوں کو نہ پانی دیا جا رہا ہے اور نہ ہی انہیں مناسب غذا فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سینکڑوں بیمار فلسطینی دوا سے بھی محروم ہیں۔

محمد حُسام الدین ثانی نے مسلم امہ سے کہا کہ وہ جہاں بھی ہیں، فلسطینیوں اور لبنانیوں کے لیے دعاؤں کا خاص اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کا بھی جائزہ لیں اور اللہ سے اپنے تعلق کو مزید مستحکم کریں۔ ہمیں اپنی خوشیوں کے لمحات میں مظلوم مسلمانوں کی قربانیوں اور اللہ سے ان کے مضبوط تعلق کو یاد رکھنا چاہیے، کیونکہ دنیا کا ہر مسلمان ایک جسم کی مانند ہے، اور جسم کے کسی بھی حصے کو تکلیف پہنچے تو سارا جسم اس درد کو محسوس کرتا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .