حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ساؤتھ انڈیا شیعہ علماء کونسل کے صدر اور رکن حج کمیٹی مولانا سید تقی رضا عابدی نے اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے شہید ہونے والے نمازیوں کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔
مولانا تقی رضا عابدی نے اس واقعے کو ایک منظم سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پر سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سیکیورٹی کی صورتحال پر اپنی ذمہ داری قبول کرے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں اور مذہبی اجتماعات کی حفاظت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
مزید برآں انہوں نے عالمِ تشیع کی مذہبی قیادت سے اپیل کی کہ وہ اس واقعے پر فعال کردار ادا کرے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔ ساتھ ہی پاکستانی عوام، خصوصاً متاثرہ طبقات، کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے تحفظ اور حقوق کے لیے قانونی اور بین الاقوامی فورمز سے بھی رجوع کریں۔
مولانا عابدی نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف خاموشی اختیار کرنا مسائل کو مزید بڑھا سکتا ہے، اس لیے انصاف اور امن کے قیام کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔









آپ کا تبصرہ