اتوار 14 دسمبر 2025 - 21:56
اسٹریلیا کے شہر سڈنی میں یہودی تقریب کے دوران مسلح حملہ؛ ایران کا شدید رد عمل

حوزہ / اسٹریلیا کے شہر سڈنی میں یہودیوں کی مذہبی تقریب کے دوران پیش آنے والے مسلح حملے پر ایران کی وزارت خارجہ نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسٹریلیا کے شہر سڈنی میں یہودیوں کی مذہبی تقریب کے دوران پیش آنے والے مسلح حملے پر ایران کی وزارت خارجہ نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایران کے وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں سڈنی میں ہونے والے پرتشدد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کا قتل اور دہشت گردی جہاں بھی واقع ہو، ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس طرح کے پرتشدد اقدامات کسی بھی صورت میں قابلِ جواز نہیں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملہ سڈنی کے ساحلی علاقے بونڈی میں یہودیوں کے مذہبی تہوار حانوکا کی تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں افراد جانی و مالی نقصان کا شکار ہوئے۔ بعض عبری اور آسٹریلوی ذرائع ابلاغ نے ہلاکتوں اور بڑی تعداد میں زخمیوں کی اطلاع دی ہے، جبکہ نیو ساوتھ ویلز کے وزیرِاعلیٰ نے واقعے کو ممکنہ دہشت گردانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ حملہ خاص طور پر یہودی برادری کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔

آسٹریلوی پولیس کے مطابق حملے کی تحقیقات جاری ہیں، مشتبہ افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سکیورٹی آپریشن کیا جا رہا ہے، تاہم واقعے کے محرکات کے بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا گیا۔

ادھر آسٹریلیا کے شہر ملبورن کے امام جمعہ، حجۃ الاسلام و المسلمین سید ابو القاسم رضوی نے بھی اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایک مذمتی بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کو نشانہ بنانا اسلامی تعلیمات، انسانی اقدار اور عالمی اخلاقیات کے سراسر خلاف ہے، اور اس طرح کے اقدامات معاشروں میں نفرت اور عدمِ تحفظ کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کے خلاف متحد ہو کر مؤثر اقدامات کرے تاکہ دنیا کو امن و امان کا گہوارہ بنایا جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha