پیر 9 فروری 2026 - 22:33
آہ! خدمتِ دین و ملت کی ایک عہد ساز، باعمل اور مخلص شخصیت ہم سے بچھڑ گئی: حجت الاسلام سید احمد رضوی

حوزہ/ مدرسہ الحسنین اکیڈمی محمدیہ ٹرسٹ راولپنڈی پاکستان کے پرنسپل اور جامعہ روحانیت بلتستان کے سابق صدر حجت الاسلام سید احمد رضوی نے محمدیہ ٹرسٹ مہدی آباد بلتستان کے سرپرست حجت الاسلام والمسلمین شیخ غلام حسین مقدس کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین اور محمدیہ ٹرسٹ کے اراکین کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ الحسنین اکیڈمی محمدیہ ٹرسٹ راولپنڈی پاکستان کے پرنسپل اور جامعہ روحانیت بلتستان کے سابق صدر حجت الاسلام سید احمد رضوی نے محمدیہ ٹرسٹ مہدی آباد بلتستان کے سرپرست حجت الاسلام والمسلمین شیخ غلام حسین مقدس کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین اور محمدیہ ٹرسٹ کے اراکین کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔

انہوں نے امیر المؤمنین حضرت امام علی علیہ السّلام کے فرمان: يَا كُمَيْلُ، هَلَكَ خُزَّانُ الاَْمْوَالِ وَهُمْ أَحْيَاءٌ، وَالْعُلَمَاءُ بَاقُونَ مَا بَقِيَ الدَّهْرُ: أَعْيَانُهُمْ مَفْقُودَةٌ، وَ أَمْثَالُهُمْ فِي الْقُلُوبِ مَوْجُودَةٌ. نقل کرتے ہوئے کہا کہ آہ! خدمتِ دین و ملت کی ایک عہد ساز، باعمل اور مخلص شخصیت ہم سے رخصت ہو گئی۔ محمدیہ ٹرسٹ پاکستان کے سربراہ، سینکڑوں مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کے مہتمم، اور ہزاروں یتیموں کے لیے سایۂ شفقت بننے والے، اسم با مسمّیٰ حجت الاسلام والمسلمین شیخ غلام حسین مقدس اس دارِ فانی سے رحلت فرما گئے۔

انہوں نے حجت الاسلام شیخ غلام حسین مقدس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پوری زندگی دینِ محمدیؐ کی خدمت، علم و عمل کے فروغ اور محروم و مستحق طبقات کی کفالت کے لیے وقف رہی۔ ان کی وفات یقیناً ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس سے دینی و سماجی حلقوں میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔

حجت الاسلام سید احمد رضوی نے مزید کہا کہ اس پُرملال موقع پر ہم مرحوم کے تمام لواحقین بالخصوص ان کے صاحب زادے حجت الاسلام شیخ محمد جواد مقدس، محمدیہ ٹرسٹ کے مخلص اراکین، اساتذہ کرام اور بالعموم ارضِ بلتستان کے تمام مؤمنین کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

جامعہ روحانیت بلتستان کے سابق صدر نے حجت الاسلام والمسلمین شیخ غلام حسین مقدس کے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ بارگاہِ ایزدی میں دعا ہے کہ خداوندِ متعال مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی گراں قدر خدمات کو شرفِ قبولیت عطا کرے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے؛ نیز ادارے کے ذمہ داران کو مرحوم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اس عظیم مشن کو مزید اخلاص، بصیرت اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھانے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha