حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے محمدیہ ٹرسٹ مہدی آباد بلتستان کے سرپرست اعلیٰ حجت الاسلام والمسلمین شیخ غلام حسین مقدس کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ شیخ غلام حسین مقدس کی رحلت ملتِ تشیع، دینی حلقوں اور فلاحی میدان کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری کے تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بسم الرّحمٰن الرحیم
اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّا اِلَيْهِ رَاجِعُونَ
نہایت افسوس اور دل کی گہرائیوں سے رنج کے ساتھ یہ اندوہناک خبر دی جا رہی ہے کہ محمدیہ ٹرسٹ پاکستان کے سرپرستِ اعلیٰ، جانشینِ مجاہدِ ملت شیخ حسن مہدی آبادیؒ، یتیموں، مسکینوں اور بے سہارا افراد کے حقیقی سہارا، نہایت پرہیزگار، باعمل عالمِ دین اور ممتاز دینی و سماجی رہنما حجۃُ الاسلام شیخ غلام حسین “مقدس” رحمتہ اللہّٰ علیہ گزشتہ رات راولپنڈی میں اس دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔
مرحوم کی پوری زندگی دینِ محمدیؐ کی سربلندی اور انسانیت کی خدمت کے لیے وقف رہی۔ وہ تقویٰ، اخلاص، علم، حلم اور خدمتِ خلق کا جیتا جاگتا نمونہ تھے۔ ان کی بے مثال خدمات کے باعث وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بھی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ اتنی عظیم خدمات کے باوجود سادگی، تواضع اور عاجزی ہمیشہ ان کی شخصیت کا روشن پہلو رہیں۔
ان کی رحلت ملتِ تشیع، دینی حلقوں اور فلاحی میدان کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔ یہ ایسا خلا ہے جو بظاہر مدتوں پُر ہونا مشکل ہے۔ ہم ایک ایسے عظیم انسان سے محروم ہو گئے ہیں جن کی پوری زندگی خدمت، ایثار اور قربانی سے عبارت تھی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی وسیع رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں اولیاء و صالحین کے ساتھ محشور فرمائے اور تمام پسماندگان، عقیدت مندوں اور شاگردوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
آمین یا ربّ العالمین
شریکِ غم: شیخ محمد حسن جعفری









آپ کا تبصرہ