جمعہ 12 جون 2026 - 14:17
کوئٹہ کے معروف بزرگ عالم دین، جامعہ امام صادق (ع) کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی انتقال کر گئے

حوزہ / کوئٹہ کے معروف اور بزرگ عالم دین، جامعہ امام صادق (ع)کے پرنسپل، ممتاز دینی و سماجی رہنما اور امام جمعہ کوئٹہ حجت الاسلام والمسلمین علامہ محمد جمعہ اسدی حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کی رحلت کی خبر سے علمی، دینی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ محمد جمعہ اسدی طویل عرصے سے دینی تعلیم، تبلیغ، تربیتِ طلاب اور عوامی خدمت کے میدان میں سرگرم عمل تھے۔ مرحوم جامعہ امام صادق (ع) کے پرنسپل کی حیثیت سے ہزاروں طلبہ کی علمی و فکری تربیت کا فریضہ انجام دیتے رہے اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں ایک باوقار دینی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔

مرحوم کی شخصیت علم و عمل کا حسین امتزاج تھی۔ ان کے شاگردوں اور عقیدت مندوں کے مطابق وہ صرف ایک خطیب یا مدرس نہیں تھے بلکہ عملی میدان میں یتیموں، بے سہارا افراد اور معاشرے کے محروم طبقات کی خدمت کو اپنی دینی ذمہ داری سمجھتے تھے۔ جامعہ امام صادق (ع) کے تحت تعلیمی، فلاحی اور سماجی منصوبوں کے فروغ میں بھی ان کا نمایاں کردار رہا۔

علامہ محمد جمعہ اسدی نے ہمیشہ نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت، وحدتِ امت، اخوت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جدوجہد کی۔ ان کی شفقت، اخلاق اور خدمتِ خلق کے جذبے نے انہیں عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام عطا کیا۔

علمی و دینی حلقوں نے علامہ محمد جمعہ اسدی کی رحلت کو ایک عظیم علمی، فکری اور سماجی خسارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، طلاب کی تربیت اور معاشرے کی اصلاح کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کے علمی، تربیتی اور فلاحی خدمات کے نقوش ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha