حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا نقی حیدر زیدی، باوقار عالمِ دین اور مخلص سماجی خدمت گزار، طویل عرصے تک دین و ملت کی خدمت کے بعد انتقال فرما گئے۔ ان کی رحلت ملت جعفریہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
اس موقع پر مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا نقی حیدر زیدی کی رحلت کی خبر دلوں کو غمگین اور آنکھوں کو اشکبار کر گئی۔ آپ ایک باوقار عالمِ دین، خوش بیان ناظم، اور سماجی خدمت گزار تھے جنہوں نے اپنی ساری زندگی خدمت دینِ مبین اور قوم و ملت کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دی۔
آپ نے اردو ادب میں لکھنؤ یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی، جو آپ کی علمی وسعت اور زبان و بیان پر عبور کی دلیل ہے۔ دینی تعلیم کے میدان میں آپ نے عظیم درسگاہ مدرسہ سلطان المدارس، لکھنؤ سے صدر الافاضل کی سند حاصل کی، جو فقہ، کلام اور حدیث جیسے علوم میں آپ کی مہارت کی روشن گواہی ہے۔
تعلیم سے فراغت کے بعد آپ نے وطنِ عزیز پھندیڑی سادات کو اپنا مرکزِ خدمت بنایا۔ مجالس اور دینی محافل میں آپ کی نظامت نہایت پر اثر اور بامقصد ہوا کرتی تھی۔ آپ کا اندازِ گفتگو سامعین کے دلوں میں اثر چھوڑتا تھا، اور نوجوان آپ کی تقاریر سے خاص طور پر فیضیاب ہوتے۔
نوجوانوں کی تربیت و ترقی ہمیشہ آپ کا مشن رہی۔ اسی مقصد کے تحت آپ نے مولانا ابرار صاحب اور مولانا امیر رضا صاحب کے ساتھ مل کر ایک کمپیوٹر سینٹر کا قیام عمل میں لاے تاکہ دینی فضا میں جدید تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ یہ سینٹر آج بھی آپ کے اخلاص کی ایک زندہ مثال ہے۔
آپ جنت البقیع کے انہدام پر دل گرفتہ رہتے، اور اس کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لیے پھندیڑی سادات میں منعقد ہونے والی سہ روزہ اصلاحی مجالس کے انتظام و انصرام میں ہمیشہ پیش پیش رہتے۔ ان مجالس کے ذریعے تاریخِ اسلام کی مظلومیت اور حقائق سے نئی نسل کو روشناس کراتے۔
مولانا نقی حیدر زیدی کا وصال صرف ان کے خاندان ہی نہیں، بلکہ پوری ملتِ جعفریہ کے لیے ایک بڑا خسارہ ہے۔ ان کا اخلاق، خلوص، علم، تقاریر، اور قوم کے لیے درد ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اللّٰہ مولانا مرحوم کو جوارِ معصومینؑ میں بلند مقام عطا فرمائے، اور ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، تمام پسماندگان کو صبر جمیل واجزیل عطافرمائے۔آمین۔
تمام مومنین سے مولانا سید نقی حیدر ابن عرفان حیدر کے لیے سورہ فاتحہ کی گزارش ہے۔
شریک غم : سید رضی حیدر پھندیڑوی
18:26 - 2025/06/11









آپ کا تبصرہ