جمعہ 18 جولائی 2025 - 20:05
رہبرِ انقلابِ اسلامی ہمارے دینی رہنما، مرجع تقلید اور سیاسی قائد بھی ہیں: مولانا نقی مہدی زیدی

حوزہ/امام جمعہ تاراگڑھ اجمیر نے خطبۂ جمعہ میں ٹرمپ کی گستاخیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی حسینی خامنہ ای ہمارے دینی رہنما، مرجع تقلید اور سیاسی قائد بھی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃالاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے تاراگڑھ اجمیر ہندوستان میں نمازِ جمعہ کے پہلے خطبے میں نمازیوں کو تقوائے الٰہی کی نصیحت کے بعد امام حسن عسکری علیہ السلام کے وصیت نامے کی شرح و تفسیر کرتے ہوئے حقوق اولاد کے حوالے سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنی اولاد کو حسینی بنائیں نسل ظہور کی آمادگی کے لئے اپنی اولاد کی تربیت کریں۔

امام جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی نے دوسرے خطبے میں حالات حاضرہ کے حوالہ سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ نے جنگ کے تمام مراحل کو تدبیر کے ساتھ سنبھالتے ہوئے دشمن کو پسپا کیا، قومی اتحاد کو مستحکم کیا اور رزمندگان اسلام کی روحیہ افزائی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر جو کہ ایک احمق اور جھوٹا انسان ہے، اس کی طرف سے رہبر انقلاب کی شان میں گستاخی، ولی فقیہ کی اس بے نظیر قیادت کی وجہ سے ہے جو انہوں نے جنگ کے ایام میں پیش کی۔ دشمن جتنا زیادہ قائدِ انقلاب کے مقتدرانہ و شجاعانہ کردار کو دیکھتا ہے، اتنا ہی زیادہ توہین اور بیہودہ گوئی پر اتر آتا ہے، تاکہ اپنی ذلت آمیز شکست کا جواز فراہم کر سکے۔

خطیب جمعہ تاراگڑھ نے مزید کہا کہ احمق ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ وہ ہمارے رہبر اور مرجع تقلید کو قتل کرے گا؛ تو میں اگر بطور مثال کہوں تو یہ ایسے ہی ہے جیسے کوئی آ کر کہے کہ "میں پوپ کو قتل کرنا چاہتا ہوں"۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای ہمارے دینی رہنما، مرجع تقلید اور سیاسی قائد بھی ہیں۔ ثقافتی اور فکری میدان کے ممتاز عالم دین حجت‌ الاسلام و المسلمین سید مہدی میر باقری نے کہا ہے کہ مراجع کرام کی جانب سے ولایتِ فقیہ کی اہانت کو حرام قرار دینے والا فتویٰ صہیونیت اور عالمی استکبار کے سروں پر تلوار بن کر لٹک رہا ہے اور یہ فتوے عالمی استکباری قوتوں کے لیے عدمِ تحفظ کا باعث بن سکتے ہیں۔

حجت‌ الاسلام مولانا نقی مہدی زیدی نے کہا کہ مراجع تقلید اور علمائے اسلام نے جو فتویٰ دیا ہے کہ ولایتِ فقیہ کی توہین اور اس پر حملہ حرام ہے، یہ فتویٰ دنیا بھر کے استکباری سیاسی رہنماؤں اور ان کے ثقافتی و اقتصادی سرپرستوں کے لیے بھی عدمِ تحفظ اور خوف کا پیغام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی خامنہ ای کی شب عاشور حسینیہ امام خمینیؒ میں غیر متوقع شرکت کو ملت کے دلوں کی روشنی قرار دیا اور کہا کہ رہبر معظم کی موجودگی نے پورے اجتماع کو ایک نئے جذبے سے بھر دیا۔ عوام نے "هیهات منا الذلة" کے نعرے لگا کر ثابت کیا کہ یہ قوم ہرگز ظلم و جبر کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha