حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ تاراگڑھ اجمیر ہندوستان حجت الاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے اسلامی جمہوریہ ایران پر غاصب اسرائیل اور امریکہ کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ، قوموں کی نہیں، بلکہ نظاموں کی جنگ ہے۔ یہ جنگ قرآنی نظامِ عدل اور صیہونی سامراجی نظامِ فساد کے مابین ہے۔ ہم آج بھی یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم حسینی رہیں گے۔ زینبی صبر کے وارث ہوں گے اور ظہورِ حق کی تمہید بن کر ہر محاذ پر ظلم کے خلاف سینہ سپر رہیں گے۔
خطیبِ جمعہ تاراگڑھ نے محرم الحرام کی آمد پر کہا کہ محرم الحرام وہ مہینہ ہے کہ جس کا احترام تمام ادیان میں کیا جاتا رہا ہے۔ یہاں تک کہ اس مہینے کا احترام دور جاہلیت میں بھی کیا جاتا تھا۔ اسلام نے بھی احترام کے اسی سلسلے کی توثیق کر دی اور اس مہینے کو شہر اللہ الحرام قرار دیا۔ بنابریں اسلام کے وہ چار مہینے جن میں جنگ و جدال حرام ہے ان میں سے ایک محرم الحرام بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محرم ظالم کی پسپائی اور مظلوم کی سرخروئی کا مہنیہ ہے۔ محرم حق کی فتح اور باطل کی نابودی کا مہینہ ہے۔ محرم یزیدی ناپاک عزائم خاک میں ملنے اور مشن حسینی قیامت تک محفوظ ہونے کا مہینہ ہے۔
مولانا نقی مہدی زیدی نے ایران پر غاصب صیہونی ریاست کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خدا اس دشمن دین و اسلام کو نیست نابود اور غارت کرے اور ان لوگوں کو بھی غارت کرے جو در پردہ چاہے اعلانیہ دشمن دین کا ساتھ دے رہے ہیں اور ہم خدا کی بارگاہ میں دست دعا بلند کرتے ہیں کہ خداوند عالم جمہوری اسلامی ایران کو کامیابی عطا کرے اور ہر طرح کے شر سے محفوظ رکھے، دشمنوں کے حملوں کو ناکام بنائے، اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللّہ العظمیٰ خامنہ ای کا سایہ مستتدام فرمائے، اس ملت غیور اور شہید پرور کو مزید حوصلہ عطا کرے، تاکہ جم کر ان کا مقابلہ کر سکیں۔









آپ کا تبصرہ