جمعہ 20 جون 2025 - 01:32
رہبرِ انقلاب کے قتل کی دھمکی؛ دشمن کی بھول ہے

حوزہ/ مجمع علماء و واعظین پوروانچل کے سربراہ مولانا ابنِ حسن املوی نے ایک پیغام میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت اور رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی کے خلاف دشمنوں کی یاوہ گوئی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجمع علماء و واعظین پوروانچل کے سربراہ مولانا ابنِ حسن املوی نے ایک پیغام میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت اور رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی کے خلاف دشمنوں کی یاوہ گوئی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مجمع علماء و واعظین پوروانچل کے سربراہ مولانا ابنِ حسن املوی کے پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے۔

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

وَمَن يَتَوَلَّ اللّهَ وَرَسُولَهُ وَالَّذِينَ آمَنُواْ فَإِنَّ حِزْبَ اللّهِ هُمُ الْغَالِبُونَ(المائدہ ،56)

’’ اور جس شخص نے اللہ اور رسول اور اایمان والوں کو اپنا سرپرست بنایا تو بیشک اللہ ہی کا لشکر غالب رہتا ہے‘‘

رہبر معظم اور اسلامی جمہوری ایران کی سلامتی اورمکمل فتحیابی کے لئے دعاء کی اپیل

مومنین کرام ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

ایرانی انقلاب جسے1979 کا اسلامی انقلاب بھی کہا جاتا ہے، ایک سلسلہ وار واقعات تھے جو 1979 میں پہلوی خاندان کا تختہ الٹنے پر منتج ہوئے۔مذہبی عالم دین مرجع تقلید آیت اللہ روح اللہ خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی قیادت میں کامیابی سے ہمکنار ہونے والے اس انقلاب کے نتیجے میں ایران کی شاہی ریاست کی جگہ موجودہ اسلامی جمہوریہ ایران نے لے لی، کیونکہ محمد رضا پہلوی کی جو ایران کے آخری شاہ تھے، کی برطرفی نے ایران کی تاریخی (ڈھائی ہزار سالہ)بادشاہت کا باضابطہ خاتمہ کر دیا۔

ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی میں ایرانی قوم کی کتنی عظیم قربانیاں شامل ہیں اس کی طویل تاریخ ہے۔مختصر یہ کہ جو انقلاب قربانیاں دے کر برپا کیا جاتا ہے وہ کامیاب اور دیر پا ہوتا ہے۔ایرانی علماء اور ایرانی مذہبی عوام نے جتنی قربانیاں دی ہیں ان کی مثال دنیا پیش کرنے سے قاصر ہے۔شاید انھیں قربانیوں کے سبب ایرانی قوم ’’شہادت پسند قوم‘‘ کے نام سے پوری دنیا میں اپنی الگ پہچان بنائے ہوئے ہے۔شہادت کو سعادت سمجھنے والے امام حسین کے پیروکار موت سے نہیں ڈرا کرتے۔

مولا علی علیہ ا لسلام کا ارشاد گرامی ہے ’’ظالم کے دشمن اور مظلوم کے حامی بنو‘‘ مظلوموں کی حمایت اور ظالموں سے نفرت کرنا سب سے بڑا انسانی فریضہ ہے اسی فریضہ کے تحت ہم نے ماہنامہ الواعظ لکھنؤ میں اپنےزمانہ ادارت میں (حدود ۱۹۷۰ء تا ۱۹۷۹ء)مسلسل ایرانی اسلامی انقلاب کی حمایت میں ادارئیے اور مضامین لکھے تھے جن پر ہمکو کچھ دھمکیاں بھی ملتی تھیں۔اس زمانہ میں بڑے بڑے عوام و خواص گہری مصلحت آمیز ریکارڈ خاموشی اختیار کئے ہوئے تھے مہر بہ لب تھے۔اور آج جب اسی اسلامی انقلاب کے خلاف امریکہ واسرائیل ایران پر خونیں جنگ مسلط کئے ہوئے ہیں،قتل و غارت گری و خونریزی کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں اور اسلامی نظام حکومت کو ختم کرنے کے لئے نت نئے حربے استعمال کررہے ہیں۔ حتیٰ کہ سوشل میڈیا کے مطابق پہلوی خاندان کو پھرسے ایرانی عوام پر قہراًوجبراً تھوپنا چاہتے ہیں۔ایران میںغداروں،منافقوں امریکہ و اسرائیل کے جاسوسوں خاص کر موساد کے زرخرید سیکڑوں ایجنٹ تخریب کاری اور دہشت گردی میں مصروف ہی۔اسلام دشمن طاقتیں ان ناپاک عزائم کے ساتھ ایرانی قیادت کو چن چن کر قتل کررہے ہیں ۔86سالہ بزرگ مرجع تقلید شیعیان جہان رہبر معظم آیۃ اللہ العظمیٰ آقائی سید علی حسینی خامنہ ای حفظہ اللہ تعالیٰ کو قتل کرنے کے درپے ہیں۔ مگر خوف خدا سے خالی الذہن یہود و نصاریٰ ، مشرکین و منافقین یہ نہیںجانتے کہ ’’جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے‘‘۔ ایران کے کمانڈر بھی اپنی اعلیٰ عسکری صلاحیتوں کا شاندار اور خوب ڈٹ کر مظاہرہ و مقابلہ کرتے ہوئے غزہ و فلسطین کے اسپتالوں، اسکولوں،بازاروں ،رہائشی علاقوں پر بمباری کرنے والئے بے قصور بچوں،عورتوں اور بوڑھوں کو قتل کرنے والے اسرائیلیوں کو بھی منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔قرآن مجید کی آیہ مبارکہ فَمَنِ اعْتَدٰى عَلَیْكُمْ فَاعْتَدُوْا عَلَیْهِ بِمِثْلِ مَا اعْتَدٰى عَلَیْكُمْ۪ (سورۃ البقرہ 194)’’توجو تم پر زیادتی کرے اس پر اتنی ہی زیادتی کرو جتنی اس نے تم پر زیادتی کی ہو‘‘کے مطابق دشمن سے ان کے ظلم کا برابر بدلہ لے رہے ہیں ۔مجمع علماءوواعظین پوروانچل کی جانب سے تمام حوزات علمیہ کے مدیران ، دینی مدارس و مساجد کے ذمہ د اران ۔محراب و منبر کے خادمان ،علماء و خطباءوواعظین و ذاکرین اور عمائدین قوم سے مؤدبانہ التماس ہے کہ رہبر معظم کی سلا متی اور ایران کی مکمل فتح و کامیابی کے لئے انفرادی اور اجتماعی طور سے تقریراًاور تحریراً جس سے جس طرح بھی ممکن ہوجمود و خاموشی کو توڑ کر مذہبی وظیفہ ہ سمجھ کر مسلسل دعائیہ تقاریب کا اہتمام کریں ،ایران پر اسرائیلی و امریکی جارحیت کی کھل کر مذمت کریں۔اور یقین رکھیں قرآن کا وعدہ صادق ہے فَإِنَّ حِزْبَ اللّهِ هُمُ الْغَالِبُونَ،۔خدا کا لشکر ہی غالب آئے گا ان شاء اللہ۔فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا ابن حسن املوی (صدرالافاضل،واعظ)

ترجمان مجمع علماء و واعظین پورو آنچل ہندوستان

۲۰؍جون ۲۰۲۵ء

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha