ہفتہ 5 جولائی 2025 - 16:35
علماء کا احترام، مرجعیت سے وابستگی کا مظہر ہے: مولانا ابن حسن املوی واعظ

حوزہ/ مولانا ابن حسن املوی واعظ نے مومنین سے اپیل کی ہے کہ وہ مراجع عظام خصوصاً آیت اللہ سیستانی و آیت اللہ خامنہ ای کی تصاویر مجالس، جلوس اور گھروں میں آویزاں کریں تاکہ مرجعیت سے عقیدت، علماء کا احترام اور قومی شعور کا اظہار ہو۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجمع علماء و واعظین پوروانچل کے سربراہ ابن حسن املوی واعظ نے عالمی حالات کے پیشِ نظر مومنین سے اپیل کی ہے کہ وہ علمائے اعلام اور بالخصوص حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی و حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای (حفظہما اللہ) کی تصاویر کو مجالس، جلوس، امامباڑوں، مساجد، مدارس اور گھروں میں آویزاں کریں تاکہ مرجعیت سے وابستگی، شعور و بیداری، اور احترامِ علم و علماء کا اظہار ہو۔

پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے؛

احترامِ علم و علماء

مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کا ارشاد گرامی ہے:

العلماءحکام علی الناس۔یعنی علماء لوگوں کے حاکم ہیں(غررالحکم :507)

مومنین کرام! سلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

بصد ادب عرض ہے کہ عالمی حالا تِ حاضرہ کے مدنظر علمائے اعلام و مراجع عظام بالخصوص حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی(پیدائش 4 ؍اگست 1930) و حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای (پیدائش 19 ؍اپریل 1939) حفظہما اللہ تعالیٰ کی بڑی بڑی دیدہ زین،خوشنما تصاویر مجلسوں،جلوسوں ،مختلف قومی و مذہبی اجتماعی پروگراموں ،مسجدوں،مدرسوں،امامباڑوں،اور اپنے اپنے گھروں محلوں میں لگانا بلا شبہ خیر و برکت کا باعث ہے۔نیز مرجعیت سے اپنی مذہبی عقیدت و وابستگی ،احترام علم و علماء اور علم دوستی کا شاندار و باوقار اظہار بھی ہے۔لہٰذا اپنے مراجع تقلید کی تصاویر لگا کر قومی شعور و بیداری کا ثبوت دیں اور عنداللہ ماجور و مثاب ہوں۔پیغمبر اسلام کا ارشاد گرامی ہے :جس نے علماءکا احترام کیا اس نے خدا اور اس کے رسول کا احترام کیا‘‘(نہج الفصاحۃ :450)۔بعض روایات کے مطابق جو پانچ چیزیں عبادت میں شامل ہیں ان میں عالم کا چہرہ دیکھنا بھی شامل ہے۔فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

خادم ِعلم و علماء

ابن حسن املوی واعظ

سربراہ مجمع علماءوواعظین پوروانچل ،ہندوستان

۴؍جون ۲۰۲۵ء

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha