حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قم المقدسہ کے امام جمعہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے آج مورخہ 20 جون 2025ء کو مصلی قدس،قم میں منعقدہ نماز جمعہ کے خطبوں سے خطاب میں انقلابِ اسلامی کو غرب اور ظلمت کی تاریکیوں میں نورانی فریاد قرار دیتے ہوئے کہا: ملت ایران نے ایسے استکبار اور ظالمانہ نظام کے خلاف قیام کیا جو ظلم و ناانصافی سے اور تکبر و نخوت سے دوسروں کو حقیر سمجھتے اور یہ گمان کرتے کہ ان کا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا اور وہ جب جسے چاہیں اپنے تلوے چاٹنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: انقلابِ اسلامی نے دنیا کے حساب و کتاب کو تبدیل کر کے رکھ دیا جس نے ظالموں کے خلاف آواز بلند کی اور شروع قیام سے لے کر اب تک تمام مظلومین اور مستضعفین کے لئے جائے پناہ رہا ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا: اسرائیل مغرب کی چھاؤنی ہے اور یہ چیز 50 سال قبل سے بتا دی گئی تھی۔ اسرائیل کوئی حکومت یا ملک نہیں بلکہ ایک چھاؤنی ہے تاکہ وہ دنیائے اسلام کو شام کی طرح اپنے تسلط میں لے سکیں اور جہانِ اسلام پر حکومت کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا: اسرائیل پورے عالم اسلام کے لئے خطرہ ہے۔ تمام اسلامی ممالک جان لیں کہ اسرائیل ان سب کے لئے، بلکہ انسانیت اور آزادی کے لئے بھی خطرہ اور ناسور ہے۔
شہر قم المقدسہ کے امام جمعہ نے کہا: منافقوں اور دشمنوں کو جان لینا چاہئے کہ انہوں نے شہد کے چھتے میں ہاتھ ڈال دیا ہے اور بہت غلط محاسبات کئے جس کے نتیجے میں انہوں نے ایران پر حملہ کی جسارت کی۔ بعض سادہ لوح یہ سمجھتے ہیں کہ وہ صلح کر یا کرا لیں گے لیکن یاد رہے کہ ان کی فکر و سوچ غلط ہے۔
حوزہ علمیہ کے مدیر نے کہا: امام راحل (رہ) نے آج سے 62 سال پہلے مدرسہ فیضیہ میں فرمایا تھا کہ "امریکی صدر کو پتا ہونا چاہئے کہ وہ ایرانیوں کے نزدیک منفور ترین شخصیت ہے"۔ آج کا امریکی صدر "ٹرمپ" احمق کو بھی پتا ہونا چاہئے کہ وہ عالم اسلام کے نزدیک منفور ترین شخصیت ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ٹرمپ کی اتنی جرأت کہ وہ عالمِ اسلام کے بزرگ ترین، باعظمت ترین اور باکرامت ترین شخصیت کو دھمکی دیتا ہے۔ تمہاری اس جسارت پر ساری دنیا نے مذمت کی ہے۔ رہبر معظم انقلاب ہماری عزت و پائیداری کی علامت ہیں۔ تمام امتِ ایران و اسلام ان کی مطیع اور حامی ہیں۔









آپ کا تبصرہ