حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کی مشہور و معروف درسگاہ جامعہ ناظمیہ لکھنؤ کے سربراہ آیۃ اللّہ سید حمید الحسن صاحب نے ١٩ جون ۲۰۲۵ کو ایک بیان جاری کرتے ہوۓ کہا کہ مشرق وسطی میں جو حالات ہیں وہ تمام دنیا کے لئے تیسری عالمی جنگ کا خطرہ بنتے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا: اسرائیل نے صرف فلسطین،لبنان میں ہزاروں کمسن بچوں، عورتوں اور بزرگوں کا قتل عام ہی نہیں کیا بلکہ تمام عالمی قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے ایران پر جنگ کو مسلط بھی کر دیا ہے، دنیا اس بات کو جان لے کہ ان جگہوں پر خانوادہ رسالت علیہم السلام کے وہ مقدس و مذہبی مقامات ہیں جنکے بارے میں ذرا سی بے احتیاطی حالات کو مزید بگاڑ دیگی۔
آیت اللہ سید حمید الحسن نے کہا: جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل کو یہ بات جان لینی چاہیےکہ ہر دل عزیز آیہ اللہ سید علی خامنہ ای صرف ایران کے لئے ہی نہیں بلکہ دنیا میں کروڑوں لوگوں کے لئے ایک مقدس مذہبی و روحانی رہنما بھی ہیں، ان پر کسی بھی قسم کی جارحیت کو دنیا ہرگز برداشت نہ کریگی۔
انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا: امن و انصاف پسند حضرات اس سلسلہ میں سعی و کوشش کریں اور جان لیں کہ ان تمام باتوں کا خیال رکھنا کتنا ضروری ہے، دہشت گردی اور جنگ سے نجات میں ہی سب کی بھلائی ہے.









آپ کا تبصرہ