پیر 23 جون 2025 - 16:06
امریکہ کی جنگ میں شمولیت، صہیونی حکومت کی یقینی شکست کا ثبوت ہے، امام جمعہ کرمانشاہ

حوزہ/ کرمانشاہ کے امام جمعہ اور نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین غفوری نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے جنگ میں براہِ راست مداخلت، اس امر کی قطعی علامت ہے کہ صہیونی حکومت مکمل شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرمانشاہ کے امام جمعہ اور نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین غفوری نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے جنگ میں براہِ راست مداخلت، اس امر کی قطعی علامت ہے کہ صہیونی حکومت مکمل شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔

یہ بات اُنہوں نے آج صبح کرمانشاہ کے عدالتی کونسل کے اراکین سے ملاقات کے دوران کہی، جو ہفتۂ عدلیہ کی مناسبت سے اُن سے ملاقات کے لیے آئے تھے۔

حجت الاسلام والمسلمین غفوری نے اس موقع پر شہید آیت اللہ ڈاکٹر بہشتی اور اُن کے رفقا کی شہادت کو انقلاب اسلامی کے تحفظ کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان عظیم شہیدوں کا خون، ایرانی معاشرے کی فضا کو بدل کر انقلاب کو ایک نئی توانائی بخشتا رہا ہے۔

انہوں نے موجودہ عالمی حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "جس طرح ابتدائے اسلام میں تمام طاغوتی قوتیں اسلام کے مقابلے میں یکجا ہو گئیں، آج بھی دینِ مبین اسلام اور ملتِ مؤمن و انقلابی ایران کے خلاف دشمن صف آرا ہے، لیکن ماضی کی طرح، ان شاء اللہ اب بھی یہ قوتیں ذلیل و رسوا ہوں گی۔"

حجت الاسلام والمسلمین غفوری نے صراحت کے ساتھ کہا: "اگر صہیونی حکومت واقعی طاقتور ہوتی تو امریکہ کو اس جنگ میں کودنے کی ضرورت نہ پڑتی۔ امریکہ کی مداخلت صرف ایک نمائشی قدم ہے تاکہ عالمی رائے عامہ کو یہ تاثر دیا جا سکے کہ وہ ایران کو ایٹمی قوت بننے سے روک رہے ہیں، جبکہ خود ان کے اندر بھی یہ حقیقت پوشیدہ نہیں کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔"

انہوں نے کہا: "اسلامی جمہوریہ ایران آج جو عظمت، اقتدار اور بصیرت کے ساتھ میدان میں کھڑا ہے، اس پر آنے والی نسلیں، مسلح افواج اور رہبر معظم انقلاب اسلامی پر فخر کریں گی۔"

حجت الاسلام غفوری نے مزید کہا: "جن اقوام نے برسوں صہیونی ظلم برداشت کیا، آج وہ بھی ایران کے ساتھ میدان میں کھڑی ہیں، اور اسلامی مزاحمت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہیں۔"

آخر میں، امام جمعہ کرمانشاہ نے ملک میں بدامنی اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت اقدام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا: "ایسے عناصر عوام کے حوصلے پست کرنے اور دشمن کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے سکیورٹی اور عدالتی اداروں کو چاہیے کہ وہ پوری قوت اور سرعت کے ساتھ ان کے خلاف قانونی کاروائی کریں۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha