جمعہ 1 اگست 2025 - 20:54
رہبر معظم کی توہین درحقیقت پورے عالم اسلام کی توہین،انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز قوم سے معافی مانگے، مولانا سید نقی مہدی زیدی

حوزہ/ رہبر معظم ایک روحانی و مذہبی پیشوا ہیں جنہیں نہ صرف قومِ شیعہ بلکہ پورا عالمِ اسلام عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کی توہین درحقیقت پورے عالم اسلام کی توہین ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃالاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے تاراگڑھ اجمیر ہندوستان میں نمازِ جمعہ کے پہلے خطبے میں نمازیوں کو تقوائے الٰہی کی نصیحت کے بعد امام حسن عسکری علیہ السّلام کے وصیت نامے کی شرح و تفسیر کرتے ہوئے حقوق اولاد کے حوالے سے بیان کیا کہ والدین پر اولاد کے دو طریقے کے حقوق عائد ہوتے ہیں ان میں سے کچھ آئینی حقوق ہیں جن کا ادا کرنا والدین کی ذمہ داری ہے اور جس کے بارے میں سوال کیا جائے گا اس کے علاوہ کچھ اخلاقی حقوق ہیں جن کا ادا کیا جانا اخلاقی اعتبار سے ضروری ہے

انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی اوّلین ذمہ داری ہے کہ وہ بچے کا اچھا نام رکھیں بچہ کا یہ حق ہے۔ اسلام سے قبل عرب اپنے بچوں کے عجیب نام رکھتے تھے، حضور اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے ایسے نام ناپسند فرمائے اور خوبصورت نام رکھنے کا حکم دیا۔ چنانچہ روایت میں ہے: "جاء رجل إلي النبي صلي الله عليه وآله وسلم فقال : يا رسول اﷲ! ما حق ابني هذا؟ قال : تحسن اسمه و أدبه وضعه موضعا حسنا"، ایک شخص حضور اکرم صلیٰ اللّہ علیہ وآلہ وسلّم کی بارگاہ میں حاضر ہوکر عرض گزار ہوا : یا رسول اﷲ! میرے اس بچے کا مجھ پر کیا حق ہے؟ آپ صلیٰ اللّہ علیہ وآلہ وسلّم نے فرمایا : تو اس کا اچھا نام رکھ، اسے آداب سکھا اور اسے اچھی جگہ رکھ (یعنی اس کی اچھی تربیت کر)۔ اس کے علاوہ امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں:"حقُّ الْوَلَدِ عَلَى الْوالِدِ اَنْ یُحَسِّنَ اسْمَهُ، وَیُحَسِّنَ أَدَبَهُ، وَ یُعَلِّمَهُ الْقُرآنَ،" اولاد کا حق باپ پر یہ ہے کہ اس کا اچھا نام رکھے اور اس کی اچھی طرح تربیت کرے اور اس کو قرآن کی تعلیم دلائے۔

خطیب جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : "انکم تدعون يوم القيامة بأسمائکم و أسماء آبائکم، فأحسنوا أسمائکم"، روزِ قیامت تم اپنے ناموں اور اپنے آباء کے ناموں سے پکارے جاؤ گے اس لیے اپنے نام اچھے رکھا کرو۔

امام جمعہ تاراگڑھ نے حالات حاضرہ کے حوالہ سے بیان کرتے ہوئے انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز کی جانب سے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (مدظلہ العالی) کی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "ہندوستان اس بار جس شرمندگی سے دوچار ہوا ہے، اس رسوائی کا سبب کوئی اور نہیں، بلکہ خود ہندوستان کا بکاؤ میڈیا ہے جو مکمل طور پر اسرائیل کا غلام بن چکا ہے۔ اگر اسرائیل حکم دے تو یہ میڈیا اپنی عزت و ناموس تک کو اس کے قدموں میں رکھ دے گا۔"

انہوں نے انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز کے گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ میڈیا اسی کے پلیٹ فارم سے قوم سے معافی مانگے۔"

خطیب جمعہ نے مزید کہا کہ رہبر معظم ایک روحانی و مذہبی پیشوا ہیں جنہیں نہ صرف قومِ شیعہ بلکہ پورا عالمِ اسلام عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کی توہین درحقیقت پورے عالم اسلام کی توہین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ من گھڑت الزامات، بے بنیاد پروپیگنڈے اور بے ہودہ تبصرے دراصل اس کی بوکھلاہٹ، بے یقینی اور ذہنی شکست کی علامت ہے۔ یہ شور و غوغا اُس سچائی کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے جو دنیا بھر کے باضمیر انسانوں پر روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے مزید کہا کہ جب ساری دنیا میں فلسطین کے مظلوموں کی حمایت ایک عالمی تحریک میں بدل چکی ہے اور اس حریت کی قیادت رہبر معظم آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای کے ہاتھوں میں ہے تو ایسے میں دشمن عناصر کو یہی راستہ نظر آیا کہ عوام کے دلوں میں اس عظیم رہبر کی شخصیت کو مشکوک بنا کر کمزور کیا جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha