حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے جامع مسجد خدیجہ الکبری اسلام آباد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: مسجد میں نماز کی حالت میں یہ دہشتگردی بہت سے سوالیہ نشان چھوڑ گئی سب سے بڑا سوال وفاقی حکومت اور انتظامیہ پر ہے کہ اتنی حساس حالات میں اتنی کمزوری کیوں دکھائی گئی؟۔
انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا: متوجہ رہیں کچھ عرصے سے تکفیری عناصر ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کر رہے تھے۔ ہم نے بار بار متوجہ بھی کیا کہ یہ ملک کے خلاف بڑی سازش ہے۔ شدت پسندی، تکفیر اور دہشتگردی ملکی استحکام کے لئے ناسور ہے مگر اس کو سنجیدہ نہیں لیا گیا اور اتنا بڑا اور افسوسناک سانحہ رونما ہو گیا۔
علامہ عارف واحدی نے مزید کہا: فوری طور پر اس دہشتگردی کے نیٹ ورک اور دہشتگردوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے اور ان کو نشان عبرت بنایا جائے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: میں مشہد مقدس مولا امام رضا علیہ السلام کےحرم مطہر سے عزیز شہداء کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی شفایابی کے لئے دعاگو ہوں۔
علامہ عارف واحدی نے کہا: بہت دردناک حادثہ اور عوام میں شدید بےچینی ہے مگر ہمارا پیغام ہے کہ تمام مسالک کے عوام اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ ہم سب مل کر دشمنانِ ملک و دین کی ان مذموم سازشوں کو ناکام بنائیں گے، ان شاء اللہ۔









آپ کا تبصرہ