بدھ 1 اپریل 2026 - 12:56
آیت اللہ اعرافی کا اسقفِ اعظم قسطنطنیہ کے نام خط، دینی قیادت پر حملے کے خلاف مشترکہ آواز بلند کرنے کا مطالبہ

حوزہ/ حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے اسقفِ اعظم قسطنطنیہ جناب بارتولومیو اول کے نام اپنے خط میں آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ای کی شہادت اور میناب میں معصوم طالبات پر بمباری کو پوری انسانیت اور تمام ادیانِ الٰہی کے لیے لمحۂ فکریہ قرار دیتے ہوئے مذہبی رہنماؤں سے منظم تشدد، جارحیت اور دینی قیادت کو نشانہ بنانے کے خلاف متحدہ موقف اپنانے کی اپیل کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ اعرافی نے اپنے خط میں گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دینی اور روحانی قائدین کو نشانہ بنانا کسی ایک ملک یا ایک مذہب کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پوری انسانیت اور تمام آسمانی ادیان کے ماننے والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

انہوں نے امریکہ اور صہیونی حکومت کی جانب سے عالمِ تشیع کی اعلیٰ ترین دینی شخصیت کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کو نہایت خطرناک اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں صرف ایک قوم کی توہین نہیں بلکہ تمام مذہبی اقدار اور مقدسات کی بے حرمتی ہیں۔

آیت اللہ اعرافی نے اپنے خط میں میناب کے گرلز اسکول پر حملے اور بے گناہ طالبات کی شہادت کی بھی شدید مذمت کی اور اسے کھلی انسان دشمنی اور انسانیت سوز جرم قرار دیا۔

انہوں نے اسقفِ اعظم قسطنطنیہ سے اپیل کی کہ وہ اس المیے پر واضح اور دوٹوک موقف اختیار کریں اور اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے دنیا بھر کے مذہبی پیروکاروں کے درمیان انصاف، امن اور مظلوموں کی حمایت کی آواز کو مضبوط بنائیں۔

آیت اللہ اعرافی نے اس بات پر زور دیا کہ آج وقت کا تقاضا ہے کہ تمام ادیان کے رہنما ظلم، جارحیت اور منظم دہشت گردی کے خلاف مشترکہ محاذ قائم کریں تاکہ انسانیت اور مذہبی حرمتوں کا دفاع کیا جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha