حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ عہد الله عراق کے سکریٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین سید ہاشم الحیدری نے جمکران میں منعقدہ ”امام امت“ اجتماع سے خطاب میں موجودہ حالات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے انقلابِ اسلامی کی فتح کے 47 سال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ تلخ واقعات، جنگ اور رہبر انقلابِ اسلامی کی شہادت کو تقریباً ایک مہینہ گزر چکا ہے۔ یہ دن مشکلات اور دکھ کے ساتھ ساتھ، انقلابِ اسلامی کے نظریات کے ساتھ ایرانی عوام کا ایمان، استقامت اور عزم کے منفرد مظہر بھی تھے۔
حجت الاسلام والمسلمین ہاشم الحیدری نے یومِ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس تاریخی دن میں ایرانی قوم نے اپنے ووٹ سے اسلامی جمہوریہ کے نظام کا انتخاب کیا؛ لیکن آج کئی دہائیوں کے بعد اسی قوم نے جنگی حالات میں، دشمن کے حملوں میں اور شہداء کے لہو کا نذرانہ پیش کر کے، جسے ’’اسٹریٹ ریفرنڈم‘‘ کہا جا سکتا ہے، ایک بار پھر اس نظام اور ولایتِ فقیہ کے اصول سے اپنی وفاداری کا ثبوت دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں کہ جب ایرانی عوام اپنے شہید قائد کی شہادت پر سوگ منا رہے تھے، مجلسِ خبرگان رہبری نے نئے رہبر کا انتخاب کر کے معاشرے میں ایک خاص روحانی ماحول پیدا کیا؛ جیسا کہ شبہائے قدر غدیر میں بدل گئیں، لیکن فرق یہ ہے کہ اگر غدیر کے واقعے میں مسلمان تھوڑی دیر کے بعد طے شدہ راستے سے ہٹ گئے تو اس بار ایرانی قوم نے شعوری اور دلجمعی کے ساتھ نئے رہبرِ اعلیٰ حضرت آیت الله سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی بیعت کرکے یہ ظاہر کیا کہ وہ بصیرت، بیداری اور وعدے کی تکمیل کے راستے پر گامزن ہیں۔
تحریکِ عہد الله عراق کے سکریٹری جنرل نے ولایتِ فقیہ کا مقام اور اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ولی فقیہ کی اطاعت اور اسلامی حاکمیت کا دفاع، فرج کے ظہور میں تعجیل اور اسلامی نظریات کو حاصل کرنے کا بہترین راستہ ہے۔ آج اسلامی جمہوریہ ایران کے علاوہ دنیا میں کہیں بھی حقیقی اسلامی حاکمیت کی مثال نہیں ملتی اور یہ حقیقت جون 1963 سے اب تک ایرانی عوام کی مزاحمت اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے ظہور کے لیے زمینہ فراہم کرنے میں عوام کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ رہبرِ انقلاب نے بھی تاکید کی ہے کہ ظہور کا ادراک عوام کی موجودگی اور آمادگی پر منحصر ہے؛ کیونکہ ظہور کی بنیادی شرطوں میں سے ایک وفادار اور آمادہ ساتھیوں کا ہونا ہے اور لوگوں کی یہ وسیع اور شعوری موجودگی اس خدائی وعدے کی تکمیل کی بشارت ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین ہاشم الحیدری نے ایرانی قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے جہاد، استقامت اور میدان میں حاضر رہ کر امام الزمان (ع) کے دل کو خوش کردیا ہے اور آپ حقیقی معنوں میں اسلام کا مضبوط قلعہ ہیں؛ ایک ایسی قوم جو انقلاب کی راہ پر چل کر اور رہبر کی اطاعت کر کے تاریخ اسلام میں ایک بے نظیر نمونہ بن گئی ہے۔
انہوں نے آخر میں مختلف مراحل میں عوام کی وسیع پیمانے پر موجودگی کو سراہا اور تاکید کی کہ سڑکوں پر لاکھوں ایرانی قوم کی موجودگی خاص طور پر موجودہ مشکل حالات میں، عالم اسلام کے لیے باعثِ فخر ہے اور ہم بطورِ شیعہ اور مسلمان، اس مزاحمت کی قدر کرتے ہیں اور اس عظیم قوم کی فتح و نصرت کے لیے دعا گو ہیں۔









آپ کا تبصرہ