حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گورنر قم اکبر بہنام جو نے کہا ہے کہ ایران میں عوام کی ضروریات کی فراہمی کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں، بازار میں تمام ضروری اشیا موجود ہیں اور عوام کے ذمہ دارانہ رویے نے حالات کو قابو میں رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گورنر قم انجینئر اکبر بہنام جو نے کہا ہے کہ ایران پر مسلط کردہ جنگ کے موجودہ حالات میں بھی صوبہ قم میں ضروری اشیائے زندگی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس وقت امریکی۔صہیونی دشمن کے خلاف نرم اور سخت، دونوں محاذوں پر برسرپیکار ہے، جبکہ سڑکوں پر عوام کی بھرپور موجودگی نے قومی یکجہتی کی بے مثال تصویر پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نظام کے ذمہ داران، ولی امرِ انقلاب اسلامی کی قیادت میں سفارتی، انتظامی اور عوامی خدمت کے محاذ پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جبکہ مسلح افواج کے جانبازوں نے دشمن کو سخت ضربیں لگائی ہیں اور عسکری میدان میں برتری ایران کے پاس ہے۔
اکبر بہنام جو نے کہا کہ عوام کی باشعور اور وسیع موجودگی، حکام کی سرگرمیوں اور مسلح افواج کی کارروائیوں نے ایسی مثال قائم کی ہے جس کی نظیر تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نرم جنگ میں بھی عوام سے ناکام ہوا ہے اور اب افواہیں پھیلا کر قوم، افواج اور ذمہ داران کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتا ہے۔
گورنر قم نے زور دے کر کہا کہ الحمدللہ ضروری اشیا کی فراہمی میں کوئی مشکل نہیں، تمام انتظامات پہلے سے موجود ہیں اور بازار میں مطلوبہ سامان دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر خاندان اپنی ضرورت کے مطابق خریداری کر رہا ہے، جس سے بازار کے توازن کو برقرار رکھنے میں بڑی مدد ملی ہے۔ انہوں نے اس ذمہ دارانہ رویے پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔









آپ کا تبصرہ