پیر 1 جون 2026 - 20:00
ایرانی عوام کا ہر میدان میں ڈٹے رہنا عصر حاضر میں غدیر کا سب سے بڑا احیا ہے

حوزہ/ عراق کی عہداللہ موومنٹ کے سیکریٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین سید ہاشم الحیدری نے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے گزشتہ 47 برسوں کے دوران ولایتِ فقیہ کی پیروی کرتے ہوئے غدیر کی حقیقت کو عملی میدان میں زندہ رکھا ہے۔ انقلاب اسلامی، دفاع مقدس، پابندیوں کے مقابلے میں استقامت اور رہبر معظم انقلاب کے ساتھ تجدیدِ عہد میں عوام کی بھرپور شرکت درحقیقت غدیر کے احیا کی روشن مثال ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم کے علاقہ نیروگاہ میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید ہاشم الحیدری نے عید سعید غدیر خم کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اگرچہ ایامِ غدیر میں صدقہ، اطعام اور مختلف عبادات کی بہت فضیلت بیان کی گئی ہے، لیکن ان کے نزدیک غدیر کو زندہ رکھنے کا بہترین طریقہ عوام کی شعوری میدان حاضری اور ولیِ امرِ مسلمین کی اطاعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے انقلاب اسلامی کی کامیابی سے لے کر دفاع مقدس، دشمنوں کی اقتصادی پابندیوں کے مقابلے میں صبر و استقامت اور رہبر معظم انقلاب کی حمایت تک ہر مرحلے پر ولایت کے راستے کو اختیار کیا ہے، اور یہی غدیر کا حقیقی پیغام ہے۔

سید ہاشم الحیدری نے واقعۂ غدیر خم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ایک لاکھ سے زائد مسلمانوں نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی بیعت کی تھی، لیکن رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے بعد بہت سے لوگ اپنے عہد سے پیچھے ہٹ گئے۔ غدیر کا بڑا درس یہ ہے کہ صرف بیعت کافی نہیں بلکہ ولایت کے عہد پر ثابت قدم رہنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم نے ثابت کیا ہے کہ وہ ولایت کے دفاع میں صرف نعروں پر اکتفا نہیں کرتی بلکہ ہر حساس اور تاریخی موقع پر عملی طور پر انقلاب اسلامی اور قیادت کے اہداف کا دفاع کرتی ہے۔

عراقی عالم دین نے مجلس خبرگان کی جانب سے رہبر معظم انقلاب کے انتخاب کے بعد عوامی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تکبیر کے نعروں اور رہبر انقلاب کے ساتھ بیعت کے اعلانات نے غدیر کی یاد تازہ کر دی تھی اور یہ جذبہ آج بھی ایرانی قوم میں پوری قوت کے ساتھ موجود ہے۔

انہوں نے امام خمینیؒ اور رہبر معظم انقلاب کے افکار سے ایرانی عوام کی وفاداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی استقامت عالم اسلام اور محاذِ مقاومت کا عظیم سرمایہ ہے۔ سید ہاشم الحیدری نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ شہداء کے خون، حکیمانہ قیادت اور آزاد اقوام کی بیداری کے نتیجے میں امریکہ اور صہیونی استعمار کے مقابلے میں محاذِ مقاومت کامیاب ہوگا۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر نائبِ امام زمانؑ اور رہبر معظم انقلاب کے ساتھ تجدیدِ عہد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ولایت، مقاومت اور اسلامی اقدار کے دفاع کے راستے پر آخری لمحے تک ثابت قدم رہیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha