تحریر: مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی
حوزہ نیوز ایجنسی| واقعۂ غدیر اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور فیصلہ کن باب ہے، جس نے مسئلۂ امامت، خلافت اور ولایتِ اہلِ بیت علیہم السلام کی فکری بنیادوں کو ہمیشہ کے لیے تاریخِ اسلام کا حصہ بنا دیا۔ حدیثِ غدیر "مَنْ كُنْتُ مَوْلَاهُ فَهٰذَا عَلِيٌّ مَوْلَاهُ" صرف ایک روایت نہیں، بلکہ علمِ حدیث، علمِ کلام، تاریخ، ادب اور مناظرات کی ایک مستقل علمی روایت کا سرچشمہ ہے۔
برِّصغیر ہند میں اس روایت کی حفاظت، ترویج اور اشاعت کے لیے علماء، خطباء، شعراء اور مومنین نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ غدیر یہاں محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک زندہ علمی، فکری اور تہذیبی روایت کی حیثیت رکھتا ہے، جو نسل در نسل منتقل ہوتی چلی آرہی ہے۔ آج بھی ہندوستان کے علماء اور مومنین کے دل و دماغ میں غدیر پوری تازگی اور اثر انگیزی کے ساتھ زندہ ہے اور اس کا پیغام دینی مجالس، علمی تحقیقات، ادبی تخلیقات اور عوامی شعور کے ذریعے فروغ پارہا ہے۔
برّصغیر کے علماء نے حدیث غدیر کے اثبات، تدوین، شرح، دفاع اور اشاعت میں جو علمی خدمات انجام دیں، وہ عالم اسلام کے علمی ورثے کا نہایت درخشاں باب ہیں۔ خصوصاً دہلی، لکھنو، حیدرآباد دکن اور دیگر علمی مراکز نے غدیری تحقیقات کو علمی استناد، حدیثی گہرائی اور ادبی وسعت عطا کی۔
اسلامی دنیا میں غدیر پر مستقل تصنیف کا آغاز اگرچہ ابتدائی صدیوں میں ہوچکا تھا، لیکن برّصغیر کے شیعہ علماء نے اسے ایک مستقل علمی فن کی صورت دی۔ انہوں نے حدیثِ غدیر کے طرق جمع کیے، اسناد کی تحقیق کی، رجال کا تنقیدی جائزہ لیا، لفظِ "مولیٰ" کے مفاہیم واضح کیے اور اہلِ سنت مصادر سے مضبوط علمی استدلال پیش کیا۔
علامہ سید دلدار علی نقوی غفران مآب برّصغیر میں غدیری فکر کے مؤثر علمی نمائندوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے حدیثِ غدیر کو محض فضیلتِ علوی کے بیان تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے امامتِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کے حق میں ایک واضح نص کے طور پر پیش کیا۔ ان کی علمی کاوشوں نے غدیر کو برِّصغیر کے دینی و علمی مباحث کا ایک اہم موضوع بنایا اور بعد کے علماء و محققین کے لیے اس میدان میں تحقیق و استدلال کی راہیں ہموار کیں۔
غدیریات میں سب سے عظیم نام علامہ میرسید حامد حسین موسوی لکھنوی
کا ہے۔ ان کی شہرۂ آفاق تصنیف عبقات الأنوار في إمامة الأئمة الأطهار کو غدیر و امامت پر دنیا کی عظیم ترین علمی تحقیقات میں شمار کیا جاتا ہے۔اس کتاب میں حدیثِ غدیر کے تمام معروف طرق، راویوں کے حالات، اہلِ سنت محدثین کے اقوال، دلالتِ حدیث اور لفظِ مولیٰ کے معانی پر مفصل بحث کی گئی ہے۔
علامہ حامد حسین کی سب سے بڑی خصوصیت ان کی علمی دیانت اور وسیع مطالعہ تھا۔ انہوں نے صرف شیعہ مصادر پر اکتفا نہیں کیا بلکہ:صحیح بخاری، مسند احمد، تاریخ بغداد، الصواعق المحرقة جیسے مصادر سے استدلال کیا۔ برِّصغیر میں شیعہ و سنّی علمی مناظروں نے غدیری ادب کو مزید فروغ دیا۔ مسئلۂ امامت اور حدیثِ غدیر پر متعدد رسائل لکھے گئے۔
یہ مناظرے صرف عوامی خطابت تک محدود نہیں تھے بلکہ اصولِ حدیث، علمِ رجال، لغت، تفسیر اور تاریخ کے دقیق مباحث پر مشتمل ہوتے تھے۔ ان مناظرانہ مباحث نے برِّصغیر میں شیعہ کلام کی علمی بنیادوں کو مستحکم کیا۔
شہیدِ ثالث قاضی نوراللہ شوشتری نے "إحقاق الحق اور مجالس المؤمنین"جیسی اہم تصانیف کے ذریعے امامتِ اہلِ بیت علیہم السلام اور فضائلِ امیرالمؤمنین علیہ السلام کے حق میں مضبوط علمی دلائل پیش کیے، جس سے برِّصغیر میں شیعہ کلام اور مناظرانہ ادب کو استحکام ملا۔
اسی علمی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے شہیدِ رابع میرزا محمد کامل دہلوی نے اپنی معروف کتاب "نزہہ اثنا عشریہ" کے ذریعے امامت و ولایت کے موضوع پر گراں قدر خدمات انجام دیں۔ یہ کتاب برِّصغیر میں مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کے دفاع اور غدیری فکر کے فروغ کے اہم علمی مآخذ میں شمار ہوتی ہے۔
برِّصغیر کی ایک عظیم خدمت یہ ہے کہ غدیر کے علمی مباحث کو اردو زبان میں منتقل کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں غدیریات صرف علما تک محدود نہ رہی بلکہ عوامی دینی شعور کا حصہ بن گئی۔اردو میں حدیثِ غدیر کی شرحیں، مناظرانہ رسائل ، قصائد اور خطبات کی ایک وسیع روایت وجود میں آئی۔ اس ادبی سرمایہ نے غدیر کے پیغام کو عوامی سطح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
میر انیس اور مرزا دبیر نے ولایتِ علی علیہ السلام اور غدیر کے مضامین کو اردو شاعری کا حصہ بنایا۔غدیر کو حق و باطل کی تمیز، ولایتِ الٰہی اور امامتِ علویؑ کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔ ان کے کلام نے عوامی شعور میں غدیر کے تصور کو جذباتی اور فکری دونوں سطحوں پر مستحکم کیا۔
لکھنو میں عیدِ غدیر نہایت شان و شوکت، عقیدت اور علمی وقار کے ساتھ منائی جاتی تھی۔ نوابینِ اودھ کے دور میں جشنِ غدیر محض ایک مذہبی تقریب نہیں رہا بلکہ ایک مکمل تہذیبی، علمی اور ادبی روایت کی صورت اختیار کر گیا تھا۔ اس موقع پر علمی مجالس، شعری نشستیں اور خطباتِ غدیر کا اہتمام کیا جاتا تھا۔ علما حدیثِ غدیر کی تشریح کرتے، فضائلِ امیرالمؤمنین علیہ السلام بیان کیے جاتے اور شعرا ولایتِ اہلِ بیت علیہم السلام کے موضوع پر قصائد ومناقب پیش کرتے تھے۔
لکھنؤ کے امام باڑوں اور علمی مراکز میں منعقد ہونے والی یہ محافل غدیر کے پیغام کو عوامی شعور کا حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی تھیں۔ اسی تہذیبی روایت نے غدیر کو صرف ایک مذہبی مناسبت تک محدود نہیں رہنے دیا بلکہ اسے برِّصغیر کی شیعہ تہذیب، ثقافت اور اجتماعی شناخت کا ایک نمایاں عنوان بنا دیا۔
حیدرآباد دکن میں بھی غدیری ثقافت کو نمایاں فروغ حاصل ہوا۔ دکن کے شیعہ حکمرانوں، علمی خاندانوں اور مذہبی مراکز نے جشنِ غدیر کی سرپرستی کی، جس کے نتیجے میں فارسی قصائد، عربی خطبات اور اردو محافل کی ایک مضبوط اور مؤثر روایت وجود میں آئی۔
حیدرآباد کے مدارس، خانقاہیں اور علمی مراکز غدیر و امامت کے دروس و مباحث کے اہم مراکز بن گئے تھے۔ علما حدیثِ غدیر کی اسناد، مفاہیم اور دلالت پر تفصیلی گفتگو کرتے اور عوام میں ولایتِ اہلِ بیت علیہم السلام کے پیغام کو عام کرتے تھے۔ دکن کے ادبی ماحول میں بھی غدیر کو مرکزی حیثیت حاصل رہی چنانچہ متعدد شعرا نے حضرت امیرالمؤمنین علیہ السلام کی ولایت اور واقعۂ غدیر کے موضوع پر قصائد، مناقب تحریر کیے۔اس طرح حیدرآباد دکن میں غدیری ثقافت صرف مذہبی رسوم تک محدود نہ رہی بلکہ ایک جامع علمی، ادبی اور تہذیبی روایت کی صورت میں پروان چڑھی۔
مرشدآباد بنگال شیعیت اور ثقافتِ اہلِ بیت علیہم السلام کا ایک اہم تاریخی مرکز رہا ہے۔ نوابانِ بنگال کے عہد سے یہاں واقعۂ غدیر کی یاد ، محافل، جشن اور علمی اجتماعات کے ذریعے زندہ رکھی جاتی رہی۔مرشد آباد میں لکھنو اور ہندوستان کے دیگر علمی مراکز سے تعلق رکھنے والے علما و خطبا مدعو کیے جاتے تھے، جو حدیثِ غدیر، فضائلِ اہلِ بیت علیہم السلام اور مسئلۂ امامت پر علمی و خطیبانہ گفتگو کرتے تھے۔ ان محافل میں اردو، فارسی اور عربی زبانوں کے قصائد پڑھے جاتے اور جشنِ غدیر کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا تھا۔
بنگال کے علماء اور شعراء نے اردو، فارسی اور بنگلہ زبانوں میں فضائلِ امیرالمؤمنین علیہ السلام اور حدیثِ غدیر پر قابلِ قدر علمی و ادبی سرمایہ چھوڑا۔ اس فکری و ادبی روایت نے خطۂ بنگال میں ولایتِ اہلِ بیت علیہم السلام کے پیغام کو عام کرنے اور غدیری ثقافت کو استحکام بخشنے میں اہم کردار ادا کیا۔
لکھنو، حیدرآباد دکن اور مرشد آباد کے علاوہ برِّصغیر کے دیگر شہروں اور صوبوں میں بھی غدیر کی یاد کو عقیدت و احترام کے ساتھ زندہ رکھا گیا۔ کلکتہ، پٹنہ، امروہہ، جونپور، ممبئی اور کشمیرجیسے مراکز میں عیدِ غدیر کی محافل، خطبات اور شعری محافل منعقد ہوتی رہیں۔
ان علاقوں کے علما، شعرا اور خطبا نے اردو، فارسی، عربی اور مقامی زبانوں میں حدیثِ غدیر، فضائلِ امیرالمؤمنین علیہ السلام اور ولایتِ اہلِ بیت علیہم السلام پر قابلِ قدر علمی و ادبی سرمایہ پیش کیا، جس کے نتیجے میں غدیری ثقافت برِّصغیر کی شیعہ تہذیب اور مذہبی شعور کا ایک مستقل حصہ بن گئی۔
مولانا سید شہوار حسین صاحب کی کتاب "مولفینِ غدیر" غدیریات کے علمی و کتابی سرمائے کا ایک اہم تعارفی ماخذ ہے۔ اس میں برِّصغیر اور عالمِ اسلام کے اُن علماء و مصنفین کا ذکر کیا گیا ہے جنہوں نے واقعۂ غدیر پر مستقل کتابیں، رسائل اور مقالات تحریر کیے۔ مصنف نے مؤلفین اور ان کی تصانیف کا تعارف پیش کرکے غدیریات کی وسعت، تاریخی تسلسل اور علمی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ اس اعتبار سے یہ کتاب غدیر سے متعلق تحقیقی و کتابیاتِی مطالعات کے لیے ایک مفید اور قابلِ اعتماد رہنما کی حیثیت رکھتی ہے۔
یہ کتاب اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ غدیر اسلامی دنیا میں مستقل علمی موضوع رہا ہے اور برِّصغیر کے علما نے اس میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ غدیریات صرف مذہبی ادب نہیں بلکہ ایک مستقل تحقیقی فن ہے جس کی اپنی علمی روایت موجود ہے۔
برِّصغیر کے علما کی خدمات نے حدیثِ غدیر کے تواتر کو مضبوط کیا، شیعہ کلام کو علمی بنیاد فراہم کی، اردو و فارسی میں غدیری ادب پیدا کیا اور عالمی شیعہ علمی روایت پر گہرے اثرات مرتب کیے۔خصوصاً عبقات الأنوار نے بعد کے محققین، جن میں علامہ عبد الحسین امینی شامل ہیں، پر گہرا اثر ڈالا۔ علامہ امینی نے اپنی معروف کتاب الغدیر میں ہندوستانی مصادر سے وسیع استفادہ کیا، جس سے برِّصغیر کی علمی خدمات کی بین الاقوامی اہمیت واضح ہوتی ہے۔
برِّصغیر کے علما نے حدیثِ غدیر کے تحفظ، دفاع اور اشاعت میں ایسی خدمات انجام دیں جو عالمِ اسلام کی علمی تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ غفران مآب سے لے کر علامہ حامد حسین تک، اور اردو مرثیہ نگاروں سے لے کر مناظرین و خطبا تک، سب نے غدیر کو صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک زندہ علمی و تہذیبی روایت کے طور پر محفوظ کیا۔اگر نجف و قم نے غدیری فکر کو بین الاقوامی سطح عطا کی تو برِّصغیر نے اسے تحقیقی عمق، ادبی وسعت اور علمی استناد فراہم کیا۔
بارگاہِ الٰہی میں دعا ہے کہ یہ مختصر کاوش پیغام غدیر کی اشاعت، معرفت ولایت اہل بیت علیہم السلام کے فروغ اور تاریخِ اسلام کے اس عظیم باب کی تفہیم میں مفید ثابت ہو۔ اللہ رب العزت برِّصغیر کے اُن علماء، محققین، خطباء اور شعراء کی خدمات کو شرفِ قبول عطا فرمائے جنہوں نے اپنے علم و قلم کے ذریعے غدیر کے پیغام کو نسل در نسل منتقل کیا اور ہمیں بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حق و ولایت کی خدمت کی توفیق مرحمت فرمائے۔ آمین والحمدللہ رب العالمین









آپ کا تبصرہ