حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہادی ٹی وی کے زیرِ اہتمام دنیور گلگت پاکستان میں عیدِ غدیر کی پُرمسرت مناسبت سے نعت و منقبت مقابلہ، تقریری مقابلہ اور کوئز مقابلہ نہایت شاندار انداز میں منعقد کیا گیا۔
اس بابرکت پروگرام میں مختلف اسکولوں کے طلبہ نے بھرپور جوش و خروش اور غیر معمولی دلچسپی کے ساتھ شرکت کی۔

تمام شرکاء نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلوں کو انتہائی دلچسپ، سنجیدہ اور یادگار بنا دیا۔
نعت و منقبت، تقاریر اور کوئز کے مختلف مراحل میں شرکاء کے درمیان بہترین اور معیاری مقابلہ دیکھنے میں آیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ پروگرام کا مقصد نوجوان نسل میں محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام، دینی شعور اور علمی آگاہی کو فروغ دینا تھا۔
پروگرام کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
کوئز مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو زیارتِ امام حسین علیہ السلام کا ٹکٹ بطورِ انعام دیا گیا، جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو 6 ماہ کے اسکالرشپس سے نوازا گیا۔

اسی طرح تقریری اور نعت و منقبت مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو ایک سال کا مکمل اسکالرشپ، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 6 ماہ کا اسکالرشپ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 3 ماہ کا اسکالرشپ دیا گیا۔
ہادی ٹی وی تمام شریک اسکولوں، اساتذۂ کرام، والدین اور طلبہ کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے، جنہوں نے اس کامیاب اور یادگار پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔

عیدِ غدیر کا پیغام، محبتِ اہلِ بیتؑ کا فروغ اور نوجوان نسل کی بہترین تربیت ہی ہمارا مقصد ہے۔









آپ کا تبصرہ